مہنگائی ،بے روزگاری میں اضافہ ،حکومتی 100روزہ کارکردگی مایوس کن ،سراج الحق

مہنگائی ،بے روزگاری میں اضافہ ،حکومتی 100روزہ کارکردگی مایوس کن ،سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت اپنے 100 دنوں میں عوام کو کوئی خوشی نہیں دے سکی ۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسلسل ان پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے ۔ ہر پندرہ دن بعد فیول ایڈجسٹمنٹ کا بہانہ بناکر بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کردیا جاتاہے ۔ ایک بار پھر ایک روپیہ ستائیس پیسے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافہ کردیاگیاہے جو ناقابل قبول ہے ، حکومت اس اضافہ کو واپس لے ۔حکومت سے عوام نے جو توقعات لگائی تھیں ، وہ پوری نہیں ہوسکیں ۔ جن لوگوں نے بڑی امیدوں کے ساتھ حکومت کو ووٹ دیا تھا ، وہ مایوسی کا شکار ہیں ۔ حکومت نے ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار ، پچاس لاکھ بے گھر افراد کو گھر دینے کا وعدہ کیا تھا ، تین ماہ کے دوران حکومت اس طرف کوئی پیش رفت نہیں کر سکی جس کی وجہ سے نوجوان مایوس ہیں ۔سابقہ حکومتیں تین چار سال گزارنے کے بعد غیر مقبولیت کے جس مقام پر پہنچتی تھیں ، موجودہ حکومت تین ماہ میں ہی اس مقام پر پہنچ گئی ہے ۔ وزیراعظم نے اعلان کیا تھاکہ وہ پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنائیں گے مگر اب تک اس طرف بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔ ہماری سیاست ، معیشت اور عدالت میں شریعت کا نظام نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ ادو مظفر گڑھ میں حرمت رسول ؐ کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جو حکومت پہلے سو دن میں ہی ملک و قوم کی قسمت بدل دینے کے بلند و بانگ دعوے کے ساتھ آئی تھی ، وہ ناکامی کی تصویر بن چکی ہے ۔ ڈالر کی قیمت کو کم کرنے کے دعوے کرنے والوں نے ڈالر کو پر لگادیے، حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں اور روپے کی بے قدری کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ میں مسلسل مندی کا رجحان ہے اور سرمایہ کاروں کے روزانہ اربوں روپے ڈوب جاتے ہیں ۔ حکومت سے امید لگا کر جن سرمایہ کاروں نے اپنا کاروبار شروع کیا تھا ، وہ دوبارہ اپنا سرمایہ لپیٹ کر بیرون ملک جارہے ہیں ۔ ملک کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی ؐ کے نفاذ میں ہے ۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -