رواں سال ڈیڑھ ہزار پاکستانی مہاجرین اٹلی پہنچے،اطالوی وزارت خارجہ

رواں سال ڈیڑھ ہزار پاکستانی مہاجرین اٹلی پہنچے،اطالوی وزارت خارجہ

  



روم(این این آئی)اطالوی وزارت خارجہ نے بتایا ہے امسال کے آغاز سے اب تک تیئس ہزار مہاجرین اور تارکین وطن اطالوی بندر گا ہو ں پر پہنچے۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق یہ اعداد وشمار اٹلی کی وزارت داخلہ نے جاری کیے ۔اطالوی وزارت داخلہ کی جانب سے جا ر ی کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے مہاجرین کی اٹلی آمد میں گزشتہ برس اسی دورانیہ کی نسبت اسّی فیصد جبکہ 2016 کے مقابلے میں 87 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔اٹلی کی وزارت داخلہ نے کہا ان مہاجرین میں سے پانچ ہزار کا تعلق تیونس جبکہ تین ہزار تین سو پچاس کا تعلق اریٹیریا سے تھا ۔ اسی طرح رواں برس اب تک اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن میں ایک ہزار چھ سو ستر عراقی، ایک ہزار چھ سو بیس سوڈانی، ایک ہزار پانچ سو دس پاکستانی، ایک ہزار دو سو پچاس نائجیرین، ایک ہزار ایک سو اسّی الجیرین، اور ایک ہزار پچاس آئیوری کوسٹ کے باشندے شامل ہیں ۔اٹلی میں رجسٹرڈ مہاجرین میں تین ہزار چار سو اٹھارہ بچے بھی شامل ہیں جو کسی سرپرست کے بغیر اٹلی پہنچے۔ 2016ء میں ایسے بچوں کی تعداد پچیس ہزار آٹھ سو چھیالیس تھی، یہ تعداد بھی اس رجحان میں ستاسی فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔اقوام متحدہ کی مہاجرین کیلئے امدادی ایجنسی یو این ایچ سی آر کے اعداد و شمار کے مطابق امسال کے شروع سے اب تک بحیرہ روم کے ذریعے غیر قانونی طور پر یورپ پہنچنے والے پناہ گزینوں کی تعداد ایک لاکھ پانچ ہزار ایک سو بیس رہی جبکہ زمینی راستوں سے یورپ پہنچنے والے ایسے تارکین وطن کی تعداد چھ ہزار دو سو بیس رجسٹر کی گئی۔

پاکستانی مہاجر

مزید : کراچی صفحہ اول