ہم صوبے میں تعمیراتی صنعت کو فروغ دینا چاہتے ہیں ،سعید غنی

ہم صوبے میں تعمیراتی صنعت کو فروغ دینا چاہتے ہیں ،سعید غنی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم صوبے میں تعمیراتی صنعت کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں ہم ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ اس شہر اور صوبے میں غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کو سستے اورآسان گھروں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں آباد کے چیئرمین محمد حسن بخشی کی قیادت میں آنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں سنیئر وائس چیئرمین انور اوکے، ذیشان ذکی، صوفیان آڈیا، نصرت چغتائی، الطاف حسین ،محمود اور دیگر شامل تھے۔ چیئرمین آباد حسین بخشی نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کو تعمیراتی صنعت کے حوالے سے درپیش مسائل اور اس کے حل کے لئے تجاویز دی اور زور دیا کہ اس سلسلے میں محکمہ بلدیات اور سندھ حکومت اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت اس ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت واٹر بورڈ سے این او سی کے حصول سمیت دیگر مشکلات کا سامنا ہے اور اس سلسلے میں وزیر بلدیات اپنا کردار ادا کریں۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں تمام اقدامات کو بروئے کار لائیں گے اور سندھ حکومت تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...