محبت رسولؐ ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہے، علامہ فیاض

محبت رسولؐ ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہے، علامہ فیاض

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(سٹی رپورٹر)تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم دعوت علامہ فیاض بشیر قادری نے کہاہے کہ جو قوم اپنے ثقافتی ورثے کی حفاظت نہیں کرتی اس کی نسلیں دوسری قوموں کے رسم ورواج اپنا لیتی ہیں،آج ہمارے بچے میلاد البنی ،شب برات ،شب معراج سے زیادہ کرسمس ،ایسٹر ،ہولی اور ویلنٹائن ڈے جیسے تہواروں کی طرف زیادہ مائل ہیں،میلاد اسلامی ثقافت کا سب سے بڑا مظہر اور فروغ محبت رسول کا بہترین ذریعہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامع مسجد خضریٰ پیپلز کالونی گلی نمبر دو میں میلاد النبی کے موقع پر بہترین سجاوٹ کرنے والوں نوجوانوں میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر تحریک کے دیگر راہنماء سہیل عباسی ،یونس چیمہ ،رضوان احمد اور حافظ عرفان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔علامہ فیاض بشیر قادری نے کہاہے کہ محبت رسول ہمارے ایمان کا مرکز ومحور ہے،جتنی شخصیت سے محبت زیادہ ہوگی اتنا اس کی سیرت کو اپنانے میں آسانی ہو گی ،انسان ذہن ظاہری چکناچوند سے متاثر ہو تا ہے آج ہماری نوجوان نسل مغربی اور ہندی ثقافت کی طرف اس لئے زیادہ مائل ہو رہی ہے کہ ہم نے اپنے تہواروں کو دھوم دھام سے منا نا چھوڑ دیا ہے ،جو قومیں اپنے ثقافتی ورثے کی حفاظت نہیں کرتیں وہاں غیر کی ثقافت پھلنے پھولنے لگتی ہے ،آج ہمارے پہناوے ،بلاوے حتیٰ کہ بچوں کے نام تک غیر اسلامی ہو چکے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ترجمان سہیل عباسی نے کہاکہ وہ لوگ قابل احترام ہیں جو میلاد النبی کے موقع پرگھر، گلیاں اور بازار سجاکر معاشرے میں محبت رسول کو فروغ دیتے ہیں،حوصلہ افزائی سے نوجوانوں میں اچھے کام کرنے کا جذبہ مزید بڑھتا ہے، تقریب کے آخر میں ان نوجوانوں میں انعامات تقسیم کئے گئے جنہوں نے اپنے محلوں کو سجانے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔