پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی، اصغر خان

پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی، اصغر خان

  



راولپنڈی (سٹی رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے ترجمان اصغر خان نے کہا ہے کہ تھانہ صادق آباد کی حدود میں بڑھتی ہوئی وارداتیں تشویشناک ہیں ،پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے ۔ وارداتوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا اور صادق آباد پولیس کی کارکردگی صفر ہے ۔ تاجر برادری میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے اور آر پی او، سی پی او سے اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور فرض شناس عملہ تعینات کیا جائے ۔ اگر فوری طور پر صورتحال کا نوٹس نہ لیا گیا تو تاجر برادری بھرپور احتجاج کرے گی ۔ ایک ایک دن میں دس دس وارداتیں پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار اصغر خان نے صادق آباد کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اصغر خان نے کہا کہ اہلیان علاقہ اور تاجر آئے روز ہونے والی وارداتوں سے شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں اور نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ،ڈاکووں کو پکڑنے کے بجائے پولیس ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے جس سے پورے علاقے میں لاقانونیت کا راج ہے ۔ اصغر خان نے آر پی او ، سی پی او راولپنڈی سے اپیل کی کہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور وارداتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ روکنے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد بحال ہو سکے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر