اربوں کا فراڈ کرنے والے قانون کے شکنجے میں ہیں، خرم شیر زمان

اربوں کا فراڈ کرنے والے قانون کے شکنجے میں ہیں، خرم شیر زمان

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف ثبوت و شواہد آچکے ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کے کیس میں اومنی گروپ کے نام پر لی جانے والی شوگر ملیں الگ اہمیت رکھتی ہیں۔ امیر علی جمالی بطور گواہ پیش ہو کر آصف علی زرداری کے خلاف سارے ثبوت و شواہد سامنے لا رہے ہیں۔ اب آصف علی زرداری کا بچنا محال ہے۔ اربوں روپے کی لوٹ کھسوٹ میں ملوث آصف علی زرداری اور ان کی ٹیم اپنے کالے کرتوت کب تک چھپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سچ ہمیشہ سامنے آکر رہتا ہے کیونکہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے۔ آصف علی زرداری نے اب تک اپنی کرپشن چھپانے کے لیے جتنے جھوٹ بولے کسی کا سرپیر نہیں تھا، اس لیے دھر لیے گئے۔ اگر سابق وزیر اویس مظفر ٹپی کے اکاؤنٹ میں زرداری گروپ نے منی لانڈرنگ کے لیے بڑی رقم ٹرانسفر کروائی تو اس کا مقصد عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا تھا۔ زرداری اینڈ کمپنی مالیاتی بے ضابطگیوں کو چھپانے میں اس لیے ناکام رہے کیونکہ تحریک انصاف نے احتساب کے اداروں کو خودمختار بنا دیا ہے۔ پی ٹی آئی نے ایف آئی اے اور نیب سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیاست سے پاک کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ آج ملک کے ساتھ کروڑوں اربوں کا فراڈ کرنے والے اور اپنی ہی دھرتی ماں کو چونا لگانے والے قانون کے شکنجے میں ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے عہد کر رکھا ہے کہ ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کو کڑی سزا دیں گے۔ ملک کو پائی پائی کا محتاج کرنے والے اپنے منطقی انجام کو ضرور پہنچیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...