علامہ خادم رضوی کی رہائی کیلئے درخواست کس وجہ سے مسترد کردی گئی؟ جان کر آپ کو بھی ہنسی آجائے گی

علامہ خادم رضوی کی رہائی کیلئے درخواست کس وجہ سے مسترد کردی گئی؟ جان کر آپ کو ...
علامہ خادم رضوی کی رہائی کیلئے درخواست کس وجہ سے مسترد کردی گئی؟ جان کر آپ کو بھی ہنسی آجائے گی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی ) کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست انگریزی کی بے شمار غلطیاں ہونے کے باعث خارج کردی گئی ہے۔

بدھ کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ٹی ایل پی کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ درخواست واپس لیں، متعلقہ پارٹی کو فریق بنائیں اور انگریزی کی غلطیاں ٹھیک کریں۔ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے، کیا آپ سنجیدہ ہیں؟ درخواست میں انگریزی کی بے شمار غلطیاں موجود ہیں۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ علامہ خادم رضوی کو کس نے اٹھایا اور وہ کہاں ہیں؟ جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مجھے نہیں معلوم وہ کہاں ہیں اسی لیے ان کی بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ جسٹس مظاہرنقوی نے کہا پورے پاکستان کو پتہ ہے کہ خادم رضوی کہاں ہے، صرف آپ کو ہی معلوم نہیں ہے۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر آپ اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھنا چاہتے ہیں تو درخواست واپس لیں اور دوبارہ دائر کریں۔ لاہور ہائیکورٹ نے علامہ خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی۔

مزید : قومی /علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...