دفاعی نمائش ’’آئیڈیاز2018‘‘ سی ویو پرپاک فضائیہ اور بحریہ کا شاندار مظاہرہ ،شہریوں کی بڑی تعداد شریک

دفاعی نمائش ’’آئیڈیاز2018‘‘ سی ویو پرپاک فضائیہ اور بحریہ کا شاندار مظاہرہ ...
دفاعی نمائش ’’آئیڈیاز2018‘‘ سی ویو پرپاک فضائیہ اور بحریہ کا شاندار مظاہرہ ،شہریوں کی بڑی تعداد شریک

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)شہر قائد میں جاری دفاعی نمائش ’’آئیڈیاز2018‘‘ کے تیسرے روز سی ویو پرپاک فضائیہ اور بحریہ نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا،تقریب میں مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،آئی جی پولیس سمیت دیگر سیاسی شخصیات شریک ہیں جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی مسلح افواج کی جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے موجود ہے،اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں.

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کا آج تیسرا دن ہے، جس کے دوران پاک فضائیہ کی جانب سے ساحلی مقام سی ویو پر ائیر شو منعقد کیا گیا۔بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کے تیسرے روز پاک فضائیہ کی تحقیق اور خودانحصاری کے موضوع پر کانفرنس منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان تھے۔نمائش کے تیسرے روز تینوں مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف عملی تربیت کا مظاہرہ بھی کیا۔تقریب میں پاک فضائیہ کہ ا یف سولہ طیارہ، جے ایف 17 اور سوپر مشاق نے شاندار مظاہرہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے اور پاک افواج نے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ  آئیڈیاز 2018 کی بدولت دفاعی شعبے میں تجارت کو فروغ ملے گا اور آئیڈیاز 2018 سے تمام دنیا کو پر امن پاکستان کاپیغام جائے گا۔کور کمانڈر کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

اس سے قبل آئیڈیاز2018 کی نمائش ایکسپو سینٹر میں منعقد کی گئی ہے، نمائش میں غیر ملکی مندوبین کی پاکستانی ہتھیاروں میں خوب دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔نمائش میں پاکستان نے اپنا تیارکردہ ملٹی رول ڈرون طیارہ ’’براق ‘‘ بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرایا۔ وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے ڈرون کی لانچنگ کا افتتاح کیا۔ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز30نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری رہے گی ۔

مزید : قومی


loading...