انٹرنیٹ ایران کے خلاف دور جدید کا نیا استعماری ہتھیار،عالمی طاقتیں ہمارا ملک تباہ کرنا چاہتی ہیں :ایران

انٹرنیٹ ایران کے خلاف دور جدید کا نیا استعماری ہتھیار،عالمی طاقتیں ہمارا ...
انٹرنیٹ ایران کے خلاف دور جدید کا نیا استعماری ہتھیار،عالمی طاقتیں ہمارا ملک تباہ کرنا چاہتی ہیں :ایران

  



تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی ورچوئل سپیس سپریم کونسل کے ڈپٹی چیف محمد خوراکیان نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ ایران کے خلاف دور جدید کا نیا استعماری ہتھیار ہے، ورچوئل سپیس متکبر عالمی طاقتوں کی جانب سے نصب کردہ ایک سازشی جال ہے جس کا مقصد فوج اور عسکری سامان کے بغیر ہمارے ملک کو تباہ کرنا ہے، فرضی اپیلیکشنز کے ذریعے دشمن آسانی کے ساتھ ہماری صلاحیتوں کی لوٹ مار کررہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی ورچوئل سپیس سپریم کونسل کے ڈپٹی چیف محمد خوراکیان نے’’ٹیلی گرام‘‘ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عاید کیا کہ ٹیلی گرام ڈھٹائی اور بے شرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کررہا ہے مگر ہمیں درکار معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں، ٹیلی گرام کے ڈائریکٹر سے کہا تھا کہ وہ صارفین کے بارے میں ہمیں ضروری معلومات مہیا کرے، ہم دین اور ثقافت کے امین اور محافظ ہیں مگر ہمیں ٹیلی گرام کی طرف سے کسی قسم کی معاونت فراہم نہیں کی گئی۔انہوں نے طلباء کو انٹرنیٹ کے خطرات سے آگاہ رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام اور نئی نسل میں ورچوئل اسپیس کے خطرات کی آگاہی کے ساتھ ایمانی فضاء کی کیفیت پیدا کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ ایران میں اس سے قبل بھی انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے استعمال پربعض سخت ترین پابندیاں عائد ہیں اور خلاف ورزی پر سخت سزائیں بھی متعین کی گئی ہیں تاہم اس کے باوجود اب ایران میں سوشل میڈیا کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔

مزید : بین الاقوامی


loading...