بشریٰ بی بی سے درخواست ہے کہ عمران خان کو وزیر اعظم ہونے کا احساس دلاتی رہیں :مریم اورنگزیب
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگز یب نے کہاہے کہ سب سے زیادہ جھوٹ بولنے کا کریڈٹ عمران خان کوجاتاہے ، ان کی تقریر ”عذر گنا ، بدتر عذر گنا ہ تھی“، بشر یٰ بی بی سے درخواست ہے کہ عمران خان کووزیر اعظم ہونے کا احساس دلاتی رہیں۔
جیونیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی 100روزہ کارکردگی کے حوالے سے تقریر پر ردعمل میں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے درخواست ہے کہ وہ عمران خان کو وزیر اعظم ہونے کا احساس دلاتی رہیں، جھوٹ بولنے کے مقابلے میں اسد عمر دوئم اور شاہ محمود قریشی تیسر نمبر پر رہے اور جھوٹ کے مقابلے میں اول رہنے والے فواد چودھری ریس سے باہر ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا عمران خان پر اعتما د نہیں رہا ، قوم مایوس ہونے کی بجائے گوگل پر حکومتی کارکردگی کی تلاش جاری رکھے ،سودن کا اصل حقائق نامہ مسلم لیگ ن جاری کریگی ،بتائیگی کہ تحریک انصاف نے کتنے یوٹرن لئے اور کتنی ناکامیاں حاصل کیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اب کٹوں ، دیسی مرغیو ں ، انڈوں اور جھینگوں سے معیشت ٹھیک کریں گے ،قوم انتظار کرتی رہی کہ کارکردگی کہاں ہے ؟ اس بارے میں کب بتائیں گے؟ لیکن وزیر اعظم نے سو دن کی کارکردگی بتانے کی بجائے اگلے سودن کا پروگرام دیدیاہے ۔ ان کاکہنا تھا کہ سب سے زیادہ جھوٹ بولنے کا کریڈٹ عمران خان کوجاتاہے ، ان کی تقریر ”عذر گنا ، بدتر عذر گنا ہ تھی“۔