پی ٹی آئی نے ان اداروں کو بدنام کیا جو ہمیشہ قابل احترام رہے: سراج الحق 

پی ٹی آئی نے ان اداروں کو بدنام کیا جو ہمیشہ قابل احترام رہے: سراج الحق 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ان اداروں کو بدنام کیا جو ہمیشہ قابل احترام رہے۔ ان اداروں کے وقار کی بحالی کے لیے اب قوم کو بہت محنت کرنا پڑے گی۔ یہ ادارہ کسی ایک پارٹی کا نہیں ملک و قوم کا سرمایہ ہے۔ کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کے لیے موزوں شخص کو وزیراعظم بنادیا گیا ہے جو 22 کروڑ عوام کو منزل مقصود پر نہیں پہنچا سکتا۔ چیف جسٹس کے بار بار موقع دینے کے باوجود نااہلوں کا ٹولہ ایک کاغذ درست کرکے نہیں دے سکا۔ حکمران بچو ں کی طرح ہیں جن کے منہ سے ایک دن کے لیے فیڈر نکل جائے تو ان کی چیخیں آسمان تک پہنچیں گی۔بی آر ٹی منصوبے نے پشاور کے 40لاکھ شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔رات بھر جاگنے اور دن کو سونے والوں کو ہوش نہیں وہ دوسروں کی پریشانیاں کیا دور کریں گے۔پشاور کا بیڑہ غرق کرنے والوں نے صوبے میں کوئی ایک میگا پراجیکٹ شروع نہیں کیا۔ان کے نزدیک مرغی انڈے اور کٹوں کی تقسیم ہی میگا پراجیکٹ ہیں۔22دسمبر کو سنگ مرمر کے قبرستان میں بیٹھے غیرت و حمیت سے عاری حکمرانوں کو جگانے کے لیے ملک بھر سے لاکھوں لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ہال پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ کے ایجوکیشنل ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایجوکیشنل ایکسپو سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ سینیٹر مشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں سے ان کی کارکردگی کے بارے میں پوچھا جائے تو وہ ناراض ہوجاتے ہیں۔جس صوبے کے عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیکر دوسری بار حکومت کا موقع دیا ہے وہاں کے عوام کے ساتھ ہی سب سے زیادہ ظلم روا رکھا جارہا ہے۔حکمران کہتے ہیں کہ خیبر پختونخواہ میں تین سو پچاس ڈیم بنائے ہیں مگر یہ پانچ ڈیموں کے نام نہیں بتا سکتے۔ پشاور کی سڑکیں سکڑ گئی ہیں۔پورا پورا دن ٹریفک جام رہتا ہے۔پشاور شہر کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے کوئی نیا کالج اور یونیورسٹی نہیں بنائی گئی شہریوں کو پینے کا پانی نہیں مل رہا۔
سراج الحق 

مزید :

صفحہ آخر -