غریبوں کو گھروں کی فراہمی کا وعدہ ہر صورت پورا کریں گے،محمودالرشید 

  غریبوں کو گھروں کی فراہمی کا وعدہ ہر صورت پورا کریں گے،محمودالرشید 

  



لاہور(این این آئی) وزیرہاؤسنگ پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کم آمدنی والے افراد کو اپنی چھت کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے، وزیراعظم عمران خان کا کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی فراہمی کا وعدہ ہر صورت پورا کریں گے۔نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کی شفافیت کی وجہ سے بین الاقوامی ادارے بھی گھروں کی تعمیر میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے نیا  پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ قائد آباد ضلع خوشاب کے گھروں کی الاٹمنٹ کی قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پانچ اور تین مرلہ کے 786 گھروں کی الاٹمنٹ کیلئے کمپیوٹرائز ڈ قرعہ اندازی کی گئی۔تقریب میں چیئرمین ٹاسک فورس برائے ہاؤسنگ ضیغم رضوی،ایم پی اے فتح خالق بندیال،ڈائریکٹر جنرل پھاٹا لیاقت علی چٹھہ،ڈپٹی کمشنر خوشاب مسرت جبیں اور عوام کی کثیر تعدا د موجودتھی۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ لودھراں اور اوکاڑہ کے بعد ضلع خوشاب میں کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی الاٹمنٹ کرکے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کررہے ہیں۔نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کم آمدنی والے افراد کے لئے ہے اور انہیں گھروں کی تعمیر کے لئے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن سے آسان شرائط پر قرض کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ چیئرمین ٹاسک فورس برائے ہاؤسنگ ضیغم رضوی نے کہاکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت اربن ایریا کے علاوہ دیہاتوں میں بھی ماڈل کالونیاں بنائی جائینگی۔یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا اور منفرد منصوبہ ہے جو پایہ تکمیل کی جانب گامزن ہے۔

محمودالرشید 

مزید : صفحہ آخر