سٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر کی قدر 2پیسے کم، سونا فی تولہ 250روپے سستا

  سٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر کی قدر 2پیسے کم، سونا فی تولہ 250روپے سستا

  



کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا،کے ایس ای100انڈیکس مزید583.55پوائنٹس اضافے سے 38706.27پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا، منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کے باعث79 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب1ارب55کروڑ90لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتہ کے چوتھے روز مارکیٹ میں کاروبار کاآغاز مثبت زون میں ہوا،جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس ٹریڈٖنگ 38846پوائنٹس کی بلند سطح پر آگیاتاہم مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس583.55پوائنٹس کے اضافے سے 38706.27پوائنٹس پر بندہوا۔مارکیٹ میں مجموعی طورپر396کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے316کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ 64کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ16کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں 2پیسے کی کمی ہوئی اوراوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر مستحکم رہی جبکہ یورو،سعودی ریال، یو اے ای درہم کی قدر میں کمی اور برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روزانٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید155.30روپے سے گھٹ کر155.28روپے اورقیمت فروخت155.40روپے سے گھٹ کر155.38روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالرکی قیمت خرید155.40روپے اور قیمت فروخت155.70روپے مستحکم رہی۔بین الاقوامی مارکیٹ میں ایک ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت1457ڈا لرہوجانے پر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونا فی تولہ 250روپے سستاہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت250روپے کمی سے 85200وپے اوردس گرام سونے کی قیمت 215روپے کی کمی سے73045روپے ہوگئی۔چاندی کی فی تولہ قیمت 1000.00روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت857.34روپے پرمستحکم رہی۔

سٹاک مارکیٹ /ڈالر /سونا 

مزید : صفحہ آخر