”میرا بچہ الرٹ“ ایپ کا باضابطہ افتتاح، اساتذہ کی شفاف بھرتی پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا: محمود خان 

  ”میرا بچہ الرٹ“ ایپ کا باضابطہ افتتاح، اساتذہ کی شفاف بھرتی پالیسی پر ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے فیئر ٹیسٹنگ سروس (ایف ٹی ایس) کی طرف سے حالیہ امتحانات کے انعقاد میں بد انتظامی اوربے ضابطگیوں کے حوالے سے عوامی شکایات اور تحفظات کا سخت نوٹس لیا ہے اور کہا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کاروائی یقینی بنائی جائے گی۔ واضح رہے کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے میں اساتذہ کی بھرتیوں کیلئے فیئر ٹیسٹنگ سروس کو ہائیر کیا تھا، تاہم مذکورہ ایجنسی کی طرف سے منعقدہ امتحانات میں بد انتظامی، بے ضابطگیوں کی وجہ سے امتحانات منسو خ کئے گئے تھے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے ایف ٹی ایس کے کمزور انتظامات اور بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ ایجنسی کو جاری کئے گئے تمام وسائل واپس لئے جائیں گے اورذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے میں اساتذہ کی شفاف طریقے سے میرٹ پر بھرتی کی پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنے کیلئے اساتذہ کی شفاف بھرتیوں اور تعیناتیوں کا کلچر متعارف کرایا ہے۔ اسلئے اس مقصد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی طرف سے ذمہ دارانہ کردار کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ مذکورہ ٹیسٹنگ ایجنسی حکومت کی پالیسی اور عوامی توقعات کے مطابق ٹیسٹس کے شفاف اور غیر جانبدار انعقاد میں ناکام ہوئی ہے، جس نے صوبائی حکومت کی میرٹ پالیسی اور عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچایا ہے۔محمود خان نے کہا کہ اُن کی حکومت میرٹ کی پالیسی پر کاربند رہے گی اور اس سلسلے میں عوامی شکایات کے ازالے کیلئے آئندہ بھی ذمہ داران کے خلاف کاروائی یقینی بنائی جائے گی۔ 

محمود خان

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں گم شدہ بچوں کی بازیابی کیلئے موبائل اپلیکشن " میرا بچہ الرٹ" کا باضابطہ اجراء کیا ہے۔ یہ اپلیکشن پہلے سے موجود خیبر پختونخوا سٹیزن پورٹل میں بطور فیچر شامل کی گئی ہے جسے پاکستان سٹیزن پورٹل میں بھی شامل کیا جائے گا۔ اپلیکشن میں گم ہونے والے بچوں کے حوالے سے رپورٹ کے اندراج اور تلاش کیلئے والدین اور متعلقہ اداروں کی سہولت اور مدد کیلئے مکمل طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے اپلیکشن کی تیاری پر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ خیبرپختونخوا کو سراہا اور کہاکہ اس اپلیکشن کی مدد سے نہ صرف گم شدہ بچوں کی بروقت بازیابی میں خاطر خواہ مدد ملے گی بلکہ بچوں کے حوالے سے ناخوشگوار واقعات کی حوصلہ شکنی بھی ممکن ہو گی۔ صوبے میں بچوں کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں میرا بچہ الرٹ ایپ کا اجراء سنہری اقدام ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایک باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ نے مذکورہ اپلیکشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو اپلیکشن کی تیاری، اس کے کام کے طریقہ کار اور فیچرز پر تفصیلی بریفینگ بھی دی گئی۔ تقریب میں بتایا گیا کہ ملک میں بچوں سے زیادتی، اغواء اور قتل کے واقعات کی روک تھام کیلئے مذکورہ  اپلیکشن کی تیاری کی ضرورت پیش آئی۔ خیبرپختونخوا میں اپلیکشن کی تیاری پر فارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ خیبرپختونخوا کو دی گئی۔ یہ اپلیکشن پاکستان سٹیزن پورٹل میں بطور فیچر شامل کی جائے گی۔ صوبے میں اگر کوئی بچہ گم ہو جاتا ہے تو اُ س کی رپورٹ میرا بچہ الرٹ ایپ پر رجسٹرڈ کی جا سکے گی۔ اپلیکشن میں گم شدہ بچے کی تصویر سمیت دیگر تفصیلات فراہم کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ درج کی گئی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، آر پی او، آئی جی پولیس، چیف سیکرٹری کو ایس ایم ایس الرٹ بھیجا جائے گا، جس کے مطابق ایف آئی آر کا اندراج ہو گا اور کیس کی تفتیش، ٹیموں کی تعیناتی، شواہد کے اُصول اور تفتیش کی تکمیل وغیرہ تمام اُمور سے متعلق تفصیلات ڈی پی او کے ڈیش بورڈ پرظاہر ہو ں گی۔ڈیش بورڈ کے ذریعے گم شدہ بچے کی بازیابی اور اس سلسلے میں مجموعی پیشرفت کو مانیٹر کیا جائے گا۔ یہ اپلیکشن صوبائی سطح پر گم شدہ بچوں کے تمام کیسز کی ڈائریکٹری وضع کرنے میں بھی مدد دے گی اور وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری اس  اپلیکشن کی نگرانی کر سکیں گے۔پبلک ویب پورٹل کے ذریعے تمام پولیس سٹیشنز ایدھی اور دیگر متعلقہ سنٹرز وغیرہ سے رابطہ کیلئے ڈائریکٹری بھی موجود ہو گی۔ پولیس کال سنٹرز اور سیف سٹی حکام کے درمیان رابطے کے علاوہ بچوں کے تحفظ کے مراکز تک رسائی کی سہولت میسر ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے اس شاندار ایپ کی تشکیل پر پی ایم آر یو کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ گم شدہ بچوں کے مسائل حل کرنے کیلئے یہ اپلیکشن بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ اُنہوں نے یقین دلایا کہ اپلیکشن کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے وہ بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع و صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر، انسپکٹر جنرل پولیس محمد نعیم خان، ڈائریکٹر پی ایم آر یو عادل رضااور دیگر متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

بچہ ایپ افتتاح

مزید : صفحہ آخر