وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت ماضی کی روایت کو توڑے گی،ہمایوں اختر
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ(ن) لیگ، پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادیوں کو اقتدار سے باہر ایک ایک دن صدیوں کے برابر لگ رہا ہے،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ماضی کی روایت کو توڑے گی اور انشا اللہ قرضوں میں اضافے کی بجائے اس میں کمی کر کے جائیں گے، نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ سے عوام با اختیار اور ان کے بنیادی مسائل دہلیز پر حل ہوں گے۔ اپنے مرکزی دفتر میں لاہور، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی نے اپنے اپنے دور میں کرپشن کے ریکارڈ توڑے اورپھر اسے وراثت کی طرح ایک دوسرے کو منتقل کیا جاتا رہا۔ مسلم لیگ(ن) نے انتہائی مہنگے مارک اپ پر غیر ملکی قرضے لئے لیکن اس سے اپنی انا کی تسکین کے منصوبے شروع کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اپنی معیشت کو پائیدار بنیادیں فراہم کرنی ہیں تو ہمیں حقیقت پسندانہ فیصلے کرنا ہوں گے او رحکومت اسی جانب گامزن ہے۔ حکومت کی چودہ ماہ کی پالیسیوں سے روپیہ مستحکم ہواہے، درآمدات میں کمی او ربرآمدات بڑھی ہیں،غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں جو پھلتی پھولتی معیشت کی نشانی ہے۔
ہمایوں اختر