فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ گیم چینجر ثابت ہو گا،شاہ اویس نورانی
لاہور (نمائندہ خصوصی)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ گیم چینجر ثابت ہو گا۔ فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ 2020 نئے الیکشن کا سال ہے۔ حکومتی اتحادی حکومت سے نالاں ہیں۔ حکومت ادھار کے ووٹوں کے کمزور سہارے پر کھڑی ہے۔ حکومت کے خاتمے کے اشارے واضع ہو رہے ہیں۔ نااہل حکومت چند ماہ کی مہمان ہے۔ حکومتی اتحادیوں کے بدلتے تیور حکومت کے خاتمے کی شروعات ہے۔ خلق خدا حکومت سے مایوس اور بیزار ہے۔ عمران خان کو سیاسی مخالفین پر کیچڑ اچھالنے کے سوا کوئی کام نہیں آتا۔ عمران نیازی کی زبان وزیراعظم کے منصب کے شایان شان نہیں۔ ملک مسخروں کے نرغے میں ہے۔ پی ٹی آئی نے بدزبانی کی گندی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن پی ٹی آئی کے اعصاب پر سوار ہے۔ آذادی مارچ نے متکبر حکمرانوں کی گردنوں سے سریا نکال دیا ہے۔ وزیراعظم کی جھنجھلاہٹ حکومت ختم ہونے کے آثار کی عکاس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ حکومتی اتحادی بھی حکومت کی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ اپوزیشن متحد اور حکومتی اتحاد منتشر ہے۔ ہر گھر میں نااہل حکومت سے نجات کی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ حکومت کو گھر بھیجنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ موجودہ حکومت تاریخ کی نالائق ترین حکومت ہے۔ ملک مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے۔ قوم کو جلد ناکام اور نااہل حکومت کے خاتمے کی خوشخبری ملے گی۔
اویس نورانی