نواز شریف کا برج ہسپتال میں پی ای ٹی سکین، رپورٹ چند روز میں آنے کا امکان
لندن،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ(ن) کے قائد وسابق وزیراعظم نوازشریف کا لندن کے برج ہسپتال میں پوزیٹرون ایمیشن ٹوموگرافی (پی ای ٹی) سکین کیا گیا جو کئی گھنٹوں پر محیط تھا،نواز شریف کے سکین کی رپورٹ آنے میں چند روز لگ سکتے ہیں۔نواز شریف کے ہمراہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان، حسین نواز، ناصر بٹ اور دیگر بھی تھے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے پی ای ٹی سکین کا مقصد نواز شریف کے جسم کے اندرونی حصوں کا برقی شعاعوں کی مدد سے معائنہ کرکے کینسر کے خدشات دور کرنا ہے۔ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے پلیٹ لیٹس گرنے کی تشخیص کی جائے گی۔مریم اورنگزیب نے کہا جدید میڈیکل ٹیسٹ کے نتیجے میں معالجین کو نواز شریف کے مرض کی تشخیص اور علاج میں خاصی مدد ملنے کی امید ہے جبکہ قوم سے اپیل ہے نوازشریف کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کرے۔
نواز شریف /میڈیکل ٹیسٹ