امریکہ میں نومبر کی آخری جمعرات کواظہار تشکر کے طور پر منایا گیا

  امریکہ میں نومبر کی آخری جمعرات کواظہار تشکر کے طور پر منایا گیا

  



واشنگٹن(اظہر زمان، خصوصی رپورٹ) امریکہ میں ہر سال نومبر کی آخری جمعرات کو ”Thanks Giving“ ڈے یا اظہار تشکرکا دن منایا جاتا ہے۔ا مسال بھی اس دن کو ملک بھر میں روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس دن ملک بھر میں قومی سطح پرسرکاری چھٹی ہوتی ہے اور امریکی شہری اپنے اہل خانہ اور دوستوں کیساتھ خصوصی عشائیہ کا اہتمام کرتے ہیں۔عشائی کا لازمی جزو بطخ نما پرندہ ”ٹرکی“ ہوتا ہے اس کے علاوہ مکئی اور آلو کے سالن بھی کھانے میں شامل ہو تے ہیں۔ امریکی روایت کے مطابق ہر صدر وائٹ ہاؤس میں اظہار تشکر کی رسم کے طور پر ٹرکی کے ایک پرندے کو آزاد کرتا ہے اور صدر ٹرمپ نے بھی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ جمعرات کی صبح یہ رسم ادا کی۔ تاہم شام میں اظہار تشکر کی وسیع ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیاجس میں ٹرکی کی ڈش بھی شامل تھی۔ اظہار تشکر کی روایت کی بنیاد سترہویں صدی میں اس خصوصی دعوت پر قائم ہے جب پلائی ماؤتھ کے شہر میں بھوک، پیاس اور بیماری کا شکار پناہ گزینوں کو مقامی ریڈانڈین باشندوں نے ٹرکی پرندے کے گوشت، شکر قندی، آلو اور مکئی سے تیار کردہ کھانوں کا اہتمام کیا تھا۔ اس کے بعد نئے امریکیوں نے جب یہاں قیام کے بعد پہلی فصل کاشت کی تو اس کے جشن منانے کا سلسلہ شروع ہوا جو آج تک جاری ہے۔ صدر ابراہم لنکن نے پہلی مرتبہ 1863ء میں اس دن کو قومی تعطیل قرار دیا تھا۔

اظہار تشکر،امریکہ

مزید : صفحہ اول