تشدد پسند عناصر کے انتہاء پسندانہ رویے پر امن معاشرون کیلئے خطرہ ہیں: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دین اسلام امن،برداشت اوررواداری کا درس دیتا ہے اوردین اسلام میں انتہاء پسندی یا نفرت کی کوئی گنجائش نہیں،امن کی زبان یونیورسل ہے جسے سب کو سمجھنا ہوگا،تشدد پسندعناصر کے انتہاء پسندانہ رویے پرامن معاشروں کیلئے خطرہ ہیں۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے کہا کہ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی(نعوذبااللہ)کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے اور ایسا اشتعال انگیزفعل صرف نفرت اورانتہاء پسندی کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے نتائج انتہاء پسندی اورنفرت انگیزی کی صورت میں سامنے آرہے ہیں اور عالمی برادری کو اسلامو فوبیا کے مضمرات پرفوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں ایک دوسرے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ”نیا پاکستان منزلیں آسان“ تحریک انصاف کا فلیگ شپ پروگرام ہے، پہلے مرحلے میں پنجاب کے دیہی علاقوں میں 1236 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیرو مرمت کی جا رہی ہے جو رواں برس دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ”نیا پاکستان منزلیں آسان“کے دوسرے مرحلے کا آغاز جنوری 2020ء میں ہو گااورپنجاب کی تمام دیہی سڑکوں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت کارپٹڈ کریں گے۔نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام 5 سال تک جاری رہے گااور ہر سال ”نیا پاکستان منزلیں آسان‘‘پروگرام کے دو فیز مکمل کئے جائیں گے۔ دیہی سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو آمد و رفت کی سہولت ہوگی بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی سے زرعی معیشت پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے عوام کو تعلیمی اداروں،صحت کے مراکز اوردیگر سہولتوں تک بروقت رسائی حاصل ہوسکے گی۔صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔ ”نیا پاکستان منزلیں آسان‘‘پروگرام کی تکمیل سے کھیت سے منڈی تک آسان رسائی ممکن ہوگی۔
سردار عثمان بزدار