عوام کے اعتماد کیلئے ججز کا احتساب بھی ضروری: جسٹس عمر عطا بندیال

عوام کے اعتماد کیلئے ججز کا احتساب بھی ضروری: جسٹس عمر عطا بندیال

  



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) سپریم کورٹ کے جج جسٹس عمر عطا بندیال نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ  ہم عدلیہ کی آزادی کیلئے کھڑے ہیں، عدلیہ پرعوام کا اعتماد ضروری ہے اور عوام کے اعتماد کیلئے ججز کا احتساب بھی ضروری ہے۔سپریم کورٹ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 10 رکنی فل کورٹ نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کی۔دورانِ سماعت جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دئیے کہ جج احتساب سے مبرا نہیں، حلف اٹھایا ہوتا ہے، حلف کے تقاضے کچھ اور ہوتے ہیں، جب احتساب ججز کا ہوتو عام شہریوں کے تناظرمیں نہیں دیکھا جاسکتا۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے وکیل منیر اے ملک نے کہاکہ ججز کے حوالے سے مواد جمع کرنے کی مجاز اتھارٹی صدر مملکت ہیں، ایسٹ ریکوری یونٹ ججز کی فائل نہیں بنا سکتا۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ ہم عدلیہ کی آزادی کے لئے کھڑے ہیں لیکن عدلیہ پر عوام کا اعتماد بھی ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کے اعتماد کے لئے ججز کا احتساب بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری جوابدہی کا واحد فورم سپریم جوڈیشل کونسل ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اگلے ہفتے تک سماعت ملتوی کرتے ہیں، آپ کس وقت دلائل دینا چاہتے ہیں۔منیر اے ملک نے کہاکہ ساڑھے گیارہ کا وقت ہی مناسب رہے گا۔عدالت نے کیس کی سماعت پیر کو ساڑھے گیارہ بجے تک کیلئے ملتوی کر دی۔

جسٹس قاضی فائز کیس

مزید : صفحہ اول