شہباز شریف کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست،نیب سے جواب طلب

 شہباز شریف کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست،نیب سے جواب طلب

  



لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچودھری نے رمضان شوگر ملز ریفرنس کیس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی کیس کی سماعت شروع ہوئی جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو حاضری سے استثنیٰ دینے کی دائر درخواست پرنیب سے جواب طلب کر لیاہے۔تو ملزم حمزہ شہباز کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا،عدالت کی جانب سے شہباز شریف کو بھی طلب کیا گیاتھا تاہم ان کے وکلاء کی جانب سے بتایا گیا کہ شہباز شریف اپنے بھائی میاں نواز شریف کے علاج کے سلسلے میں بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکے،شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز ملک نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق حاضری سے استثنیٰ دینے کے لئے درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے،شہباز شریف کی درخواست پاکستانی ایمبیسی سے تصدیق شدہ ہے، جس پر فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا ملزم کی غیر موجودگی میں پلیڈر تعینات ہو سکتا ہے؟ جس پر شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ جی! ملزم کی غیر موجودگی میں پلیڈر تعینات کیا جاسکتا ہے۔  احتساب عدالت اندر اور باہر پولیس کی نفری تعینات رہی،سیکرٹریٹ چوک سے ایم اے او کالج چوک تک کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر راستے بندکردیئے گئے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا،لیگی وکلا اور پولیس میں دھکم پیل پرپولیس اہلکاروں نے وکلا کو کمرہ عدالت میں جانے سے روک دیا۔

مزید : صفحہ اول