فارن فنڈنگ کیس، ممکنہ فیصلہ سلیکٹیڈ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ہو گا: مولانا لطف الرحمان

فارن فنڈنگ کیس، ممکنہ فیصلہ سلیکٹیڈ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ہو گا: مولانا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ) خیبر پختونخوا اسمبلی میں جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر و ضلعی امیر جے یو آئی مولانا لطف الرحمن نے کہا ہے کہ سلیکٹیڈ حکومت کو گھر بھیج کر عوام کے ووٹ کا تحفظ اور اداروں کی عزت کی بحالی کو یقینی بنائینگے۔ فارن فنڈنگ کیس کا ممکنہ فیصلہ سلیکٹیڈ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس دیا گیا ہے، کشمیر کے مسئلے کو غلط طریقے سے پیش کرکے ہمیشہ کیلئے پس پشت ڈال دیا گیا ہے، ہم حکمرانوں کو کہنا چاہتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اقتدار چھوڑ دیں اور ملک میں فوری طور پر نئے الیکشن کرائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی اور اپوزیشن اتحاد کی جانب سے پلان سی کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں جی پی او چوک پر احتجاجی دھرنے و جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ میں جے یو آئی کے رہنما مولا عبید الرحمن، مسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدر راجہ اختر علی، ریحان ملک، چوہدری ریاض ایڈوکیٹ، اے این پی کے ضلعی صدر عمر خطاب شیرانی، شہاب خان ایڈوکیٹ، پیپلز پارٹی کے رہنما ملک فرحان افضل دھپ، حنیف پیپا ایڈوکیٹ اور قومی وطن پارٹی کے رہنما یعقوب تبسم اور جے یو آئی کے چوہدری اشفاق  ایڈوکیٹ، نور اصغر وزیر، احمد خان کامرانی، حاجی عبداللہ اور قاری اعجاز فاروقی کے علاوہ جے یو آئی سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جلسہ کے دوران عوام کی سہولت کیلئے روڈ کو مکمل طور پر بند کرنے کی بجائے روڈ کی ایک سائیڈ کو بند کیا گیا۔ جلسہ کے شرکاء نے نااہل حکومت نامنظور، سلیکٹیڈ وزیر اعظم استعفیٰ دیں اور مہنگائی کیخلاف نعرے لگائے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں اور 50لاکھ مکانات کی تعمیر کے دعوے کرنے والوں نے عوام کو روٹی کے ایک نوالے کا محتاج بنا دیا ہے۔ احتساب کے نام پر انتقامی کاروائیاں جاری ہیں، نیب بھی حکومت کے گھر کی لونڈی بن چکی ہے، کرپشن کے نام پر صرف اپوزیشن کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ حکومتی وزراء کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔