بزنس مین پینل وفاق چیمبر کا الیکشن جیتے گا: خواجہ شاہ زیب اکرم 

بزنس مین پینل وفاق چیمبر کا الیکشن جیتے گا: خواجہ شاہ زیب اکرم 

  



لاہور(لیڈی رپورٹر) چیئرمین بزنس مین پینل(پنجاب) خواجہ شاہزیب اکرم کیجانب سے فیڈریشن پاکستان چیمبر آ ف کامرس کے انتخابات کے سلسلے میں بزنس مین پینل کے امیدواران کے اعزاز میں انکی رہائش گاہ پر ایک پروقار استقبالیہ اور عشائیہ دیا گیا جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور تھے۔ملک بھر سے آئے ہوئے ایسوسی ایشنز اور چیمبر کے نمائندوں ایگزیکٹو باڈی اور جنرل باڈی ممبران نے بزنس مین پینل کی مکمل حمائت کا اعلان کیا۔تقریب میں بزنسمین پینل کے سرپرست اعلیٰ طارق سعید، چیئرمین میاں انجم نثار، سلطان چاؤلہ، سیئنروائس چیئرمین میاں زاہد حسین، ثاقب فیاض مگوں،زکریا عثمان(چیئرمین سندھ ریجن)، سینیٹر حاجی غلام علی(سیکرٹری جنرل)، ریاض خٹک (کیپٹل ریجن) خواجہ شاہزیب اکرم (چیئرمین پنجاب)، شیخ اسلم،، شوکت احمد،سلطان الرحمن، سرتاج احمد خان، خرم اعجاز (انڈنٹرز اسوسی ایشن کراچی)، ڈاکٹر محمد ارشد (پولٹری ایسوسی ایشن اسلام آباد) کرنل ریٹائرڈ توقیر السلام (آل پاکستان سیکیورٹی ایجنسی) اور شیخ سلطان رحمان، قیصر خان داؤدزئی مہمند ایجنسی(خیبر پختونخواہ چیمبر)، ملک محمد سرفراز ناظم اعوان پنجاب کے بہاولپور چیمبر اور عبد القیوم قریشی شہید بے نظیر آباد سندھ چیمبر سمیت مختلف ایسوسی ایشنز بشمول پاسپیڈا، کارپٹ مینو فیکچررز،کاسمیٹکس، طبی ایسوسی ایشن، فٹ وئیر، ریڈی میڈ گارمنٹس، فریٹ فارورڈرز، فلم پرڈیوسرز، پیپر مرچنٹ ایسوسی ایشن، پلاسٹک مینو فیکچررز، فارما سیوٹیکلز، پرنٹنگ اینڈ گرافکس ایسوسی ایشن، ویسٹ پراڈکٹس اینڈ ری سائیکلنگ ایسوسی ایشن،سٹیل میلٹرز اینڈ سٹیل لائین پائپ ایسوسی ایشن، پولٹری، خوردنی تیل، صابن مینوفیکچررز سیمنٹ ڈیلز اینڈ مینوفیکچررز، سیڈ، آٹو موٹیو پارٹس، ہوزری، کینوس اینڈ ٹینٹس، کنسٹکٹرز،  پیکجنگ سمیت دیگر کئی ایسوسی ایشنز اور چیمبرز سے ای سی جی بی ممبران سمیت عہدیداران تاجروں و صنعتکاروں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  بزنسمین پینل کے صدارتی امیدوار اور بی ایم پی کے مرکزی چیئرمین میاں انجم نثار نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران ایف پی سی سی آئی میں مخالف گروپ کی قیادت اور عہدیداروں کے ذاتی مفادات کے باعث تاجر برادری کے مسائل حل نہیں ہوسکے۔ فیڈیشن چیمبر میں برسر اقتداریونائیٹڈ بزنس گروپ نے پچھلے جتنے بھی انتخابات جیتے ہیں وہ جعلی ایسوسی ایشنز کی وجہ سے جیتے ہیں جن کا ثبوت عدالت عالیہ کے فیصلے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کی قیادت دراصل خوشامدی گروپ کا ایک ٹولہ ہے جو جعلی ایسوسی ایشنز اور چیمبرز بنا کراور پیسے خرچ کر کے الیکشن جیت جاتے ہیں ان لوگوں میں قابلیت ہوتی تو آج بزنس کمیونٹی سڑکوں پر نہ ہوتی اور ہڑتالیں نہ کرتی۔پاکستان کی کاروباری برادری یو بی جی کی چالوں کو سمجھ چکی ہے اور اس بار انکے بہکاوے میں نہیں آئے گی،پنجاب اس دفعہ اپنی ایک نئی جہد دکھائے گا۔بزنسمین پینل سندھ کے صدر زکریا عثمان نے کہا کہ بزنس مین پینل نے جو امیدوار کھڑے کئے ہیں۔

وہ نہ صرف قابل اور مسائل کا ادراک رکھتے ہیں بلکہ حکومت کے لئے اچھے مشیر ثابت ہو سکتے ہیں اور ایف پی سی سی آئی میں بنیادی تبدیلیاں لائیں گے۔۔ انھوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے ہم ان کے اعتماد پر ٹھیس نہیں پہنچائیں گے تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔بزنسمین پینل کے سیئنر نائب صدر میاں زاہد حسین نے کہا یو بی جی اس دفعہ اپنی کارکردگی پر ووٹ لے تو انکو لگ پتہ جائے گا، بزنس کمیونٹی اس وقت شدید بحران میں ہے جس کی ذمہ دار ایف پی سی سی آئی کی موجودہ قیادت ہے۔انھوں نے کہا ملکی معیشت ایک نازک دور سے گزر رہی ہے اور ان حالات کے تناظر میں میں فیڈریشن پاکستان ایک پریمئیر ادارے کی حیثیت سے اہمیت کافی بڑھ جاتی ہے۔ موجودہ صورتحال میں ایف پی سی سی آئی کے برسر اقتدار گروپ یو بی جی کا رویہ قابل مذمت ہے۔ کاروباری برادری کو تبدیلی کے خواب دکھا کر وفاقی چیمبر پر قابض ہونے والوں نے حکومت اور تاجروں کے مابین ثالثی کا کردار ادا نہیں کیا بلکہ خوشامد کی سیاست کرتے رہے جس کی وجہ سے تاجر ان سے نا مید ہو کر خود سڑکوں پر آگئے۔انھوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی جو ملک بھر کی کاروباری برادری کی ترجمان ہونے کا دعویٰ کرتی ہے اس وقت ایک مفاد پرست ٹولے کے گھر کی لونڈی بنی ہوئی ہے جس کا واحد مقصد دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگا کروسائل بندر بانٹ اور غیر ملکی دورے کرناہے۔ایف پی سی سی آئی کے دگرگوں حالات اور غیر فعالیت کا ادراک کرتے ہوئے حکومت نے بھی انھیں اہمیت دینا چھوڑ دی ہے۔انھوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے تباہی میں یو بی جی کے رہنما ٰؤں کی خودپسندی، ملکی مفادات پر ذاتی فوائد کو ترجیح دینا اور درباری رویہ شامل ہے۔ 

مزید : کامرس