بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات و خام مال کی قیمتیں زیادہ ہونے سے صنعت و تجارت پر دباؤ میں اضافہ ہو گیا ہے، چوہدری محمد نواز
فیصل آباد(بیورورپورٹ) چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن چوہدری محمد نواز نے کہا کہ عالمی منڈیوں کے موجودہ نرخوں کے برعکس پاکستان میں بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعاتو خام مال کی قیمتیں کہیں زیادہ ہونے سے صنعت و تجارت پر دباؤ میں اضافہ ہو گیا ہے لہٰذا حکومت توانائی کے بحران کے متبادل حل اور مہنگائی کی شرح میں کمی کیلئے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں دیگر ممالک کی نسبت اضافے سے صنعتی، تجارتی، کاروباری، درآمدی، برآمدی سر گرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں جس سے جہاں معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے وہیں عام آدمی بھی پریشانی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ کچھ عرصہ کے دوران ان مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نے صنعتی پیداور کے ساتھ کاروبار پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر متوقع اور بے قابو ہوتے ہوئے توانائی کے نرخوں میں اضافہ سے تمام سٹیک ہولڈرز سخت پریشانی کا شکارہیں۔
اور انہیں عالمی منڈیوں میں بھی انتہائی دشواریاں درپیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر روز بروز خراب ہوتے ہوئے کاروباری حالات پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے پرائیویٹ سیکٹر کو ریلیف نہ دیا گیا تو ملک کی پائیدار ترقی کا پہیہ رک جائے گا جس سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔