عبد الرزاق داؤد کی 11 ویں انٹیریئرز کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

    عبد الرزاق داؤد کی 11 ویں انٹیریئرز کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

  



لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق داؤد نے 11 ویں انٹیریئرز پاکستان کے کامیاب انعقاد پر پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کو مبارکباد دی ہے۔ جمعرات کو پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو کے نام مبارکباد کے پیغام میں عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پی ایف سی ایسے ایونٹس کے انعقاد کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر معیشت کے فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔ ایسی نمائشیں خریداروں اور کاروباری افراد کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروباری افراد کو بڑے اداروں اور پروفیشنلز کے ساتھ مل بیٹھنے، معلومات کے اشتراک اور بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے دورہ کے دوران انہوں نے مشاہدہ کیا ہے کہ اگر مصنوعات کے معیار پر توجہ دے کر انہیں بین الاقوامی سٹینڈرڈ پر لایا جائے۔

تو پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری میں برآمدات کو بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان برآمدات کے حجم میں اضافہ کے لئے نجی شعبے کی بھر پور حوصلہ افزائی اور بہترین مراعاتی پیکیج کی فراہمی کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے پی ایف سی کے سربراہ سے کہا کہ وہ ٹھوس اور قابل عمل تجاویز پیش کریں تاکہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اہداف کے حصول کرنے کے لئے بروقت اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ ملک میں معاشی نمو کی رفتار کو تیز کرنے میں مدد کے حوالے سے آپ جب چاہے میرے ساتھ رابطہ کر سکتے ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے اس حوصلہ افزاء پیغام پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف سی معاشی پالیسیوں پر عمل درآمد کے لئے حکومت کو ہر طرح سے مدد اور تعاون فراہم کرے گی کیونکہ اس سے برآمدات کے فروغ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ بزنس کمیونٹی بہت پر امید ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں ملکی معیشت جلد بحال ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری کا مستقبل بہت روشن ہے اور انٹیریئرز پاکستان نمائشوں کے ذریعہ مقامی مہارتیں اور صلاحیتیں دنیا بھر میں اجاگر کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹیریئرز پاکستان ملک میں بین الاقوامی تجارتی نمائشوں کے آغاز اور بیرون ملک بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کے امکانات بڑھانے کی طرف اہم قدم ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ پی ایف سی مزید ممالک میں پاکستانی فرنیچر مصنوعات، فرنیچر ڈیزائنرز اور مینوفیکچررز کی بین الاقوامی مارکیٹوں میں رسائی کے لئے فوکل پوائنٹ کے طور پر کام کرنے کے لئے پر عزم ہے تاہم اس کے لئے ٹھوس اور مربوط کوششوں، خام مال کی دستیابی، افرادی قوت کی تربیت اور کوالٹی کنٹرول کی اشد ضرورت ہے۔

مزید : کامرس