معاشی ترقی کیلئے خواتین کی شمولیت ناگزیر: عرفان اقبال شیخ

معاشی ترقی کیلئے خواتین کی شمولیت ناگزیر: عرفان اقبال شیخ

  



لاہور (لیڈی رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ خواتین کی معاشی خود مختاری حکومت کے معاشی ایجنڈے کا اہم حصہ ہونا چاہیے تاکہ پائیدار ترقی ممکن بنائی جاسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کے لیے آسانیوں کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، سٹینڈنگ کمیٹی کی کنوینر فائزہ امجد، سعدیہ رانا، وہاب یونس ودیگر ماہرین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کی اہمیت تسلیم کی جاتی ہے مگر پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں ابھی انہیں معاشی وسائل تک رسائی نہ ہونے سمیت دیگر بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کا نصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے جس سے ان کی اہمیت دوچند ہوجاتی ہے۔ اگر کاربواری شعبے سے وابستہ خواتین کو اہمیت دی جائے تو جی ڈی پی میں تیس فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم و تربیت پر بھی توجہ دینا لازم ہے تاکہ یہ کاروباری شعبے میں نام کما اور عالمی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات کے لیے بہتر رسائی حاصل کرسکیں۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے سیمینار کے شرکاء کو کاروباری آسانیوں کے حوالے سے لاہور چیمبر کے اقدامات کے بارے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور چیمبر 2016 سے اس حوالے سے کام کررہا ہے۔ سٹینڈنگ کمیٹی کی کنوینر فائزہ امجد نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ہمجیشہ کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کو سپورٹ کیا ہے، ان سے متعلقہ اداروں کے درمیان رابط مستحکم ہونے چاہئیں۔

مزید : کامرس