ضیا ء الحق سرحدی کا باقربیگی کی خدمات پر ان کو زبردست خراج تحسین

ضیا ء الحق سرحدی کا باقربیگی کی خدمات پر ان کو زبردست خراج تحسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)گزشتہ روز قونصلیٹ جنرل آف اسلامی جمہوریہ ایران پشاورمیں اباسین کالم رائیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی اور ان کی کابینہ نے سبکدوش ہونے والے قونصلر جنرل محمد باقر بیگی سے الوداعی ملاقات کی،اس موقع پر اباسین کالم رائیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی،جنرل سیکرٹری عابد اختر حسن، ممبر ایگزیکٹوکمیٹی عالمگیر آفریدی، وسیم شاہد ودیگر ممبران بھی موجود تھے۔ضیاء الحق سرحدی نے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل محمد باقر بیگی کو اپنے چار سالہ قیام کے دوران پشاور سمیت خیبرپختونخوااور ایران کے درمیان تجارتی تعلقات کے علاوہ مذہبی ' ثقافتی ' ادبی اور دیگر خوش گوار تعلقات رکھنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یادیں اہل پشاور کے دلوں میں ہمیشہ محفوظ رہیں گی۔اس موقع پرعابد اختر حسن، عالمگیر آفریدی اور وسیم شاہد نے بھی مشترکہ طور پر محمد باقر بیگی کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے چار سالہ قیام کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔دونوں برادر ممالک میں اعتماد کا رشتہ بھی موجود ہے حالات کی گرمی سردی کی بدولت دونوں ممالک کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے مگر پھر بھی دونوں ممالک اہم نوعیت کے محل وقوع کی بدولت ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے پر مجبور ہیں۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین نہ صرف مذہبی بنیادوں پر برادرانہ تعلقات استوار ہیں بلکہ دونوں ممالک تہذیبی اور ثقافتی اعتبار سے بھی ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔ پاکستان اور ایران کی صحافتی برادری کے مابین قریبی روابط کے فروغ اور کالم رائٹرز کے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن صوبے کے منجھے ہوئے کالم نویسوں پر مشتمل ہے،جو کہ ایک تھنک ٹینک کی حیثیت بھی رکھتا ہے۔اس موقع پر قونصلر جنرل محمد باقر بیگی نے کہا کہ اپنے چار سالہ قیام کے دوران پشاور سمیت خیبر پختونخوا اور ایران کے درمیان تجارتی تعلقات کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کیا ان کی خواہش رہی کہ دونوں ملکوں کے تاجروں اور صنعت کاروں کے درمیان تعلقات قائم ہوں اور ایرانی سرمایہ کار پشاور میں سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے پشاور میں اپنے چار سالہ قیام کو اپنے سفارت کاری کیرئیر میں یادگار قرار دیا اور کہا کہ ایران میں بھی ان کے دروازے پاکستانیوں خاص طور پر پشاور کے عوام، تاجروں و صنعت کاروں،صحافیوں اورکالم نگاروں کے لئے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔انہوں نے اباسین کالم رائیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی اور کابینہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے صحافتی اور کالم نگاروں کے رابطے ایک دوسرے سے رہیں گے۔ آخر میں ایسوسی ایشن کے صدراور ان کی کابینہ نے ایرانی قونصلر جنرل کو یادگاری چترالی ٹوپی وچوغہ پیش کی۔ ایرانی قونصل جنرل محمد باقر بیگی نے اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی کو توصیفی سند سے نوازا اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لئے کالم نگارز اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔