احتجاجی تحریک کے نتائج چند روز میں سامنے آئینگے،عبدالغفور حیدری

   احتجاجی تحریک کے نتائج چند روز میں سامنے آئینگے،عبدالغفور حیدری

  



 اسلام آباد(آن لائن) پلڈاٹ پاکستان فیلو شپ پروگرام کے نوجوانوں کے وفد حافظ صدیق مدنی کی سربراہی میں جمعیت علمائے اسلام کا پارلیمنٹ ہاؤس آفس کا دورہ کیا۔ جمعیت علمائے  اسلام پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری  و سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سیاست میں نوجوان قیادت کی شدید ضرورت ہے۔ نوجوان سیاستدانوں کی تربیت میں پلڈاٹ کی خدمات کو سراہتے  ہیں  انہوں نے کہا کہ ہم نے احتجاجی تحریک سے بہت کچھ حاصل کرلیا ہے جس کے نتائج  آئندہ  چند روز میں سامنے آئینگے۔ جمعیت علمائے  اسلام نے تحریک کا آغاز  پانچ نومبر 2018 کو ملین مارچ سے کیا شرمناک دھاندلی اس سے قبل پاکستا ن کی تاریخ میں نہیں ہوئی،انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی کا بیانیہ حزب اختلاف کی سب جماعتوں کا بیانیہ بنا انتخابات ایک ڈھونگ ہے اور عمران خان کو مسلط کیا گیا جبکہ ہمیں کہاگیا کہ انہیں  وقت دیں تاکہ پالیسیاں سامنے آئیں لیکن ڈیڑھ سال میں یہ کوئی مثبت پیش رفت نہ کرسکے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ  گھروں کا وعدہ بھی کیا تھا قرض اتارنے اور سرمایہ لانے کی بات کی تھی لیکن اس ناجائز  اور دھاندلی کی پیداوار حکومت نے تو غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا،  ایسی حکومت کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔

عبدالغفور حیدری

مزید : پشاورصفحہ آخر