چولستان چار ہزار سالہ قدیم تہذیبی ورثہ کاامین ہے، ڈاکٹر اطہر محبوب

  چولستان چار ہزار سالہ قدیم تہذیبی ورثہ کاامین ہے، ڈاکٹر اطہر محبوب

  



بہاولپور(بیورو رپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا ہے کہ جامعہ زراعت کے شعبے کی ترقی اور کسانوں کے فائدے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ یونیورسٹی زرعی کالج میں کپاس، گندم، چاول اورمکئی جیسی اہم فصلوں کے ساتھ ساتھ پھل دار پودوں سے متعلق بھی تحقیق ہو رہی ہے تاکہ ایسی اقسام متعارف کرائی جا سکیں جو مقامی (بقیہ نمبر47صفحہ7پر)

موسمی حالات میں موزوں پیداوار کی حامل ہوں۔وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار مظفر گڑھ میں ترقی پسند کاشتکار آصف مجید کے مثالی زرعی فارم کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس زرعی فارم میں وسیع صحرائی خطے پر ڈرپ آبپاشی کے ذریعے کھجوروں کے باغات اُگائے گئے ہیں۔اپنے دورے میں وائس چانسلر نے سید فخر امام چیئر مین کشمیر کمیٹی اور کنوینر ایگریکلچر کمیٹی قومی اسمبلی، پروفیسر ڈاکٹر آصف علی وائس چانسلر ایم این ایس ایگریکلچر یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر خالد عبداللہ کاٹن کمشنر، خالد کھوکھر، قاسم لنگا ہ، پروفیسر ڈاکٹر عتیق گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر ترقی پسند کاشتکاروں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال ڈائریکٹر ریسرچ اور ڈاکٹر مکشوف احمد منیجر ریسر چ بھی وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔ وائس چانسلر نے صحرا میں کھجوروں کے باغات اُگانے اور کھارے پانی سے ڈرپ آبپاشی کے ذریعے ان باغات کی سیرابی کو بہت سراہا۔ انہوں نے سید فخر امام کو جامعہ میں تدریس وتحقیق اور مختلف شعبہ جات کو فعال بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعہ زرعی شعبے کی بحالی خصوصاً کپاس کی فصل کو دوبارہ عروج دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی تاکہ کسان کی خوشحالی کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل کا شعبہ بھی ترقی کرے جو بلا شبہ ملکی معیشت اور برآمدات میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب(تمغہ امتیاز) نے کہا ہے کہ ہزاروں سالہ قدیم ہاکڑہ تہذیب کے نباتاتی، تہذیبی اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور پرشکوہ اور عظیم الشان تہذیبی ورثہ کا احیا یونیورسٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے معروف براڈ کاسٹر، دانشور، محقق وسینئر وائس چیئرمین سول سوسائٹی نیٹ ورک ضلع بہاول پور ریاض بلوچ کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات کے موقع پر کہی۔تفصیلات کے مطابق سینئر وائس چیئرمین سول سوسائٹی نیٹ ورک ریاض بلوچ نے وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے اولڈ کیمپس میں خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ریاض بلوچ نے وائس چانسلر کو چولستان میں بائیو ڈائیورسٹی پارک قلعہ ڈیراور کے پھیلاؤ، تحفظ اور اسے جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے کے لئے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ چولستان چار ہزار سالہ قدیم تہذیبی ورثہ کا امین ہے۔ ریاض بلوچ نے وائس چانسلر کو جیپ ریلی کے موقع پر ہاکڑہ تہذیب کو اجاگر کرنے کے لئے خصوصی تہذیبی وثقافتی ایونٹس منعقد کرنے کے پروگرام کے حوالہ سے سول سوسائٹی نیٹ ورک کی خدمات پیش کیں۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی کا ڈیزرٹ اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ چولستان کے وسیع وعریض رقبہ پر پھیلے ہوئے نباتاتی اثاثوں کے تحفظ کے لئے جدید سائنسی خطوط پر اقدامات عمل میں لا رہا ہے اور چولستان کی جڑی بوٹیوں کے تحفظ اور ان پر جدید سائنسی تحقیق اور سائنٹیفک ریسرچ کے ثمرات کو فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے ساتھ اشتراک و تعاون کے لئے مستقبل میں خصوصی اقدامات عمل میں لائے گا جس سے جدید سائنسی تحقیق کے مطابق قدیم جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ طبی پراڈکٹس فارماسیوٹیکل کے میدان میں نئے دروازے کھولیں گی۔

ڈاکٹر اطہر محبوب

مزید : ملتان صفحہ آخر