شاہین اور کینگروز کے مابین سریز کا آخری ٹیسٹ آج 

شاہین اور کینگروز کے مابین سریز کا آخری ٹیسٹ آج 

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ (آج) جمعہ سے ایڈیلیڈ کے مقام پر شروع ہوگا، میچ پنک بال کے ساتھ کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے اننگز اور 5 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، آسٹریلوی ٹیم اس سے قبل تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز میں گرین شرٹس کو 2-0 سے ہرا چکی ہے۔آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیمیں ایڈیلیڈ میں پہنچ چکی ہیں جہاں پر وہ میچ سے قبل ایڈیلیڈ میں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں، پاکستانی کھلاڑی کینگروز کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دینے کے لئے کھیل کے تینوں شعبوں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، دوسرے میچ کے لئے پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں کے بھی امکانات ہیں، میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ سخت اور کانٹے دار ہوگا۔پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ دوسرے میچ میں شکست کو بھلا کر مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کے لئے ٹیم کو میدان میں اتاریں گے اور میزبان ٹیم کو شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کرینگے۔ دوسری جانب کینگروز ٹیم کے کپتان ٹم پین نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کو دوسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز کلین سویپ کرینگے۔ آسٹریلوی ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے کہا ہے کہ وہ برسبین ٹیسٹ میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے لئے پلئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنک بال کے ساتھ کھیل میں کچھ تبدیلی ضرور ہوگی لیکن ٹیم نے پنک بال کے ساتھ بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے اب تک پنک بال سے کھیلے گئے پانچوں میچ اپنی سرزمین پر کھیلے ہیں اور ان میں اپنے حریفوں کو شکست سے دے دوچار کیا، ان میں سے تین میچ ایڈیلیڈ کے مقام پر کھیلے گئے، آسٹریلیا نے نومبر، دسمبر 2015 میں ایڈیلیڈ میں نیوزی لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دی، اس کے بعد نومبر 2016 میں اسی مقام کینگروز نے مہمان جنوبی افریقی ٹیم کو 7 وکٹوں سے زیر کیا، دسمبر میں برسبین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے خلاف 39 رنز سے فتح حاصل کی، دسمبر 2017 میں ایڈیلیڈ میں کینگروز نے انگلینڈ کو 120 رنز سے شکست دی، رواں سال جنوری میں برسبین میں سری لنکن ٹیم کو اننگز اور 40 رنز سے زیر کیا۔آسٹریلیا میں گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کے خلاف اب تک 36 میچز کھیلے جس میں سے صرف 4 ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ کینگروز نے 25 میچز اپنے نام کئے اور 7 میچز بے نتیجہ رہے۔ پاکستان ٹیم آخری مرتبہ 1995 میں کینگروز کے خلاف اس کی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ پاکستانی ٹیم اظہر علی کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کے فرائض ٹم پین انجام دیں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر، مچل سٹارک، نیتھن لائن، پیٹ کمنز اور جوش ہیزلووڈ شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ آج جمعہ سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

#/s#

مزید : کھیل اور کھلاڑی