چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورومیں مقیم خصوصی بچوں کی 50میٹردوڑ میں کامیابی
لاہور(لیڈی رپورٹر)چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب میں مقیم چھوٹے بچوں نے ینگ ایتھلیٹس لاہور گیمز 2019 میں شرکت کرکے 50 میٹر کی دوڑ میں کامیابی حاصل کی۔ گیمز کا انعقاد سپیشل اولمپکس پاکستان کی طرف سے ذہنی و جسمانی معذور بچوں کے لئے کیا گیا تھا۔ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی جانب سے جیتنے والے چاروں بچے ذہنی و جسمانی طور پر معزور ہیں۔ اس حوالے سے چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد کا کہنا ہے کہ ان ننھے بچوں نے میڈلز حاصل کرکے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا نام روشن کیا ہے۔ ہمیں ان بچوں پر فخر ہے اور آج ہمیں محسوس ہو رہا ہے کہ بیورو کی کاوشیں رنگ لائی ہیں۔ سارہ احمد نے مزید کہا کہ ان سپیشل چھوٹے ایتھلیٹس نے گیموں میں حصہ لے کر ثابت کیا ہے کہ یہ بھی کسی سے کم نہیں۔