افریقی ممالک کیساتھ روابط کا فروغ اور بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت یقینی بنائینگی
اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افریقی ممالک کیساتھ روابط کے فروغ کیلئے وفود کے تبادلے،بین الاقوامی نمائشوں میں پاکستان کی بھرپور شرکت کو یقینی بنائینگے،پاکستان میں بہت سی کمپنیاں کھیلوں کا سامان،آلات جراحی بنا رہی ہیں جنہیں افریقی ممالک کی مارکیٹ کیساتھ منسلک کرنے کی ضرورت ہے۔ وزارت خارجہ میں جاری 2روزہ افریقی ممالک کی سفرا کانفرنس کے دوسرے روز کے دوسرے سیشن کا آغاز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایکسپورٹس سے وابستہ، ٹیکسٹائل، انجینئرنگ، سپورٹس، فارماسیوٹیکل سیکٹر سمیت پرائیویٹ سیکٹر سے متعلقہ اہم شخصیات نے اپنے اپنے سیکٹر سے متعلقہ ایکسپورٹ کیلئے دستیاب مصنوعات اور درپیش مسائل /چیلنجز سے شرکاء کو آگاہ کیا۔چیئرمین ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ’ایکسپورٹ کی شرح بڑھانے کیلئے ایکسپورٹ انڈسٹری کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔اجلاس میں افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء کے علاوہ کارپوریٹ سیکٹر کے مختلف شعبہ جات سے وابستہ شخصیات نے افریقی ممالک میں تجارت کے حجم کو بڑھانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ چیف ایگزیکٹو ملت ٹریکٹرز نے وزیر خارجہ اور وزیر تجارت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے افریقی ممالک کو ملت ٹریکٹر کی سالانہ ایکسپورٹ اور افریقی ممالک میں زرعی آلات کی برامدات کے حجم میں اضافے کیلئے مختلف تجاویز دیں۔ماروکو میں تعینات پاکستانی سفیر نے پیشکش کی کہ اگر فارما سیوٹیکل انڈسٹری، سپورٹس انڈسٹری، ٹیکسٹائل انڈسٹری اگر اپنے طور پر بھی موروکو میں اپنی مصنوعات کی نمائش کرنا چاہیں تو سفارت خانہ انہیں نمائش کیلئے جگہ فری آف کاسٹ مہیا کریگا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو اپنی مصنوعات کو ڈبلیو ایچ او کی طرف سے دیئے گئے معیار کے مطابق بنانا ہو گا تاکہ ان مصنوعات کی برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ میں وزارت خارجہ کی طرف سے آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ وزارت خارجہ وزارت تجارت کے ساتھ ان طے کردہ اھداف کے حصول کیلئے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔مشیر تجارت عبدالرزاق داؤدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افریقہ 54 ممالک پر مشتمل دوسرا بڑا براعظم ہے،جس کی جی ڈی پی آنے والے برسوں میں 29 ٹریلین تک بڑھ جائے گی انہوں نے کہاکہ ہمیں ہمسائیگی میں موجود ان اہم مواقعوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے تجارتی روابط کو بڑھانا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ ہمارا ہدف آئندہ پانچ سالوں میں افریقہ کے ساتھ اپنے تجارتی حجم کو دوگنا کرنا ہے،ہمیں آزادانہ تجارت کے معاہدے سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا۔گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کو اس اہم سفرا کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری معیشت مسلسل بہتری کی طرف جارہی ہے معاشی خسارہ کم ہو رہا ہے۔ گور نر سٹیٹ بینک نے کہاکہ پاکستان، صنعت کاری کے حوالے سے دنیا کی تیسری کم لاگت والی مارکیٹ ہے،ہمیں معاشی استحکام کیلئے اپنی ایکسپورٹ کو بڑھانا ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ افریقی مارکیٹ میں ہمارے لئے ایکسپورٹس کے بہترین مواقعے موجود ہیں۔چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا افریقی ممالک میں تجارت کے فروغ کیلئے بہت سے مواقع موجود ہیں جن سے مستفید ہونے کیلئے ہمیں مشترکہ عملی اقدام کرنا ہو نگے۔سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا نے افریقی ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت کی نوعیت، تجارتی حجم اور تجارتی اعداد و شمار کے حوالے سے شرکاء کو مفصل بریفنگ دی اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔
شاہ محمود/عبدالرزاق داؤد