وزیراعظم نے آرمی چیف سمیت ملک کا وقار داؤ پر لگادیا ہے،محمد حسین محنتی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مدینے کی ریاست کا نام لینے والے پہلے مدینے کی ریاست کی تاریخ کا اچھی طرح مطالعہ کریں، نبیؐ نے مکے سے ہجرت کرکے مدینے میں اللہ کے دین کو مکمل طور پر نافذ کیا اور دنیا کی پہلی اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی جہاں پر انصاف، روزگار، عام آدمی کی عزت،خواتین اور بچوں کی عصمتیں محفوظ اور غرباء ومساکین کی ہر ممکن داد رسی کی جاتی تھی لیکن آج مدینے کی ریاست کا نعرہ لگانے والوں نے پاکستان میں اپنی ناقص معاشی اور سیاسی پالیسیوں کی بدولت عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے، حکومت نے اپنے نااہل مشیروں اور وزیراعظم کی جلد بازی کی وجہ سے ملکی اداروں کی عزت خاک میں ملادی جبکہ پہلی مرتبہ پاک فوج کے سربراہ کی تعیناتی کو متنازعہ بنادیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میہڑ میں جماعت اسلامی ضلع دادو کے ضلعی نظم اور کارکنان کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ہمارا بنیادی عقیدہ ہے کہ دنیا کی ہر چیز کا اختیار صرف اللہ کے پاس ہے، انسان زمین پر اس کا خلیفہ اور اسکے احکامات پر عملدرآمد کرنے کا پابند ہے، آخری نبیؐ کے بعد یہ ہمارا کام ہے کہ ہم قرآن اور نبیؐ کے بتائے ہوئے احکامات پر چلتے ہوئے سسکتی ہوئی انسانیت کو فلاح کے راستے پر گامزن کریں،دین میں سکون ہے، حضورؐ کے بعد امت مسلمہ پر یہ بھاری ذمہ داری ہے کہ بھٹکے ہوئے لوگوں کو جنت کی راہ پر لائیں، معاشرتی برائیوں میں ملوث نوجوانوں کو جماعت اسلامی کی دعوت دیں اور اپنے اندر داعیانہ تڑپ پیدا کریں، کیوں کہ ایک داعی کا کام ہے کہ وہ بھٹکے ہوئے لوگوں کو اللہ کے راستے پر گامزن کرے،کیوں کہ کامیابی صرف دین میں ہے۔جماعت اسلامی نعرہ بازی پر یقین نہیں رکھتی، تبدیلی اور نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کا حشر آج پوری قوم کے سامنے ہے، موجودہ حکمرانوں نے نیا پاکستان تو درکنار پرانے پاکستان کا بھی بیڑہ غرق کردیا ہے۔