ایڈیلیڈٹیسٹ:پہلے روز کا کھیل ختم،آسٹریلیا کے302رنز،ایک کھلاڑی آوٹ

ایڈیلیڈٹیسٹ:پہلے روز کا کھیل ختم،آسٹریلیا کے302رنز،ایک کھلاڑی آوٹ
ایڈیلیڈٹیسٹ:پہلے روز کا کھیل ختم،آسٹریلیا کے302رنز،ایک کھلاڑی آوٹ

  



ایڈیلیڈ (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کے افتتاحی روز کا کھیل ختم ہو گیا ہے اور آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کو پہلی کامیابی صرف 8 کے مجموعی سکور پر اس وقت مل گئی جب جو برنز صرف 4 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

اس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور مارنوس لیبوشانے کریز پر ڈٹ گئے اور دونوں نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 288 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کر دی ہے۔ ڈیوڈ وارنر 166 رنز اور لیبوشانے 126 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جو کل ادھوری اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے کوئی بھی باﺅلرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور شاہین شاہ آفریدی نے ہی واحد وکٹ حاصل کی جبکہ ڈیبیو کرنے والے محمد موسیٰ بھی اپنے جوہر دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کی قیادت اظہر علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، امام الحق، بابراعظم، اسد شفیق، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین آفریدی، محمد عباس اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔

آسٹریلین ٹیم کی قیادت ٹم پین کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، جو برنز، مارنوس لیبوشانے، سٹیو سمتھ، میتھیو ویڈ، ٹریوس ہیڈ، پیٹ کومنز، مچل سٹارک، نتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

مزید : کھیل