گاڑی چوری کرنے کے لئے خاتون سے شادی کرنے والا دولہا

گاڑی چوری کرنے کے لئے خاتون سے شادی کرنے والا دولہا
گاڑی چوری کرنے کے لئے خاتون سے شادی کرنے والا دولہا

  



تبلیسی(مانیٹرنگ ڈیسک) جارجیا میں ایک بیوہ خاتون کی انٹرنیٹ پر ایک شخص سے ملاقات ہوئی جو محبت میں بدل گئی اور دونوں نے شادی کر لی۔ شادی کے بعد خاتون نے اپنے اس نئے نویلے شوہر کو گھر کی پیشگی ادائیگی کے لیے 80ہزار ڈالر (تقریباً 1کروڑ 24لاکھ روپے)دیئے اور وہ یہ رقم اور خاتون کی بی ایم ڈبلیو گاڑی لے کر غائب ہو گیا۔ جب پولیس نے اس شخص کو تلاش کیا تو ایسا انکشاف ہوا کہ خاتون کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔ میل آن لائن کے مطابق جان مارٹن ہل نامی یہ 34سالہ شخص اس خاتون سے ڈیٹنگ ویب سائٹ ’میچ ڈاٹ کام‘ پر ملا تھا۔ اس نے تین بچوں کی اس ماں سے محبت کا اظہار کیا اور وہ بھی اسے دل دے بیٹھی اور جلد ہی دونوں نے شادی کر لی۔

جب پولیس نے اسے تلاش کیا تو پتا چلا کہ وہ ساتھ والے شہر میں ایک اور خاتون کے ساتھ رہ رہا تھا اور اس خاتون سے اس کا ایک بچہ بھی تھا۔ پولیس کی تفتیش میں اس نے بتایا کہ اس نے اس خاتون سے شادی اس کی بی ایم ڈبلیو گاڑی چوری کرنے کے لیے کی تھی۔ مزید تحقیقات کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ خواتین کو محبت کے جال میں پھنسا کر لوٹنے کی متعدد وارداتیں کر چکا تھا۔ مختلف شہروں کی چار دیگر خواتین نے بھی اس کے خلاف پولیس میں رپورٹس درج کروا رکھی تھیں۔ ان سے بھی اس نے شادیاں کی اور جمع پونجی لوٹ کر غائب ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یہ نوسرباز خواتین سے انٹرنیٹ پر ملتا اور انہیں بتاتا کہ وہ کاروباری شخص ہے۔ پولیس نے اسے عدالت میں پیش کیا جہاں سے اب اسے 7سال قید کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس