اپنی شادی میں دولہے کی آسمان سے آمد، ویڈیو نے دھوم مچادی
میکسیکو سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) آج کل ’ڈیسٹی نیشن ویڈنگز‘ کا ایک رواج چل نکلا ہے۔ لوگ بیرون ملک خوبصورت مقامات پر جاتے اور وہاں شادی کرتے ہیں۔ ایسے ہی گزشتہ دنوں ایک بھارتی لڑکے لڑکی نے اپنی شادی میکسیکو میں رکھی جہاں دولہا کی شادی کی تقریب میں ایسے انداز میں انٹری ہوئی کہ سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس دولہا کا نام آکاش یادو بتایا جاتا ہے جس نے اپنی فیملی کو بتایا کہ وہ اپنی شادی کی تقریب میں گرانڈ انٹری دے گا اور گھوڑی پر بیٹھ کر آنے کی بجائے سکائی ڈائیونگ کرتا ہوا آسمان سے اترے گا۔چنانچہ اس نے ایسا ہی کیا۔
دولہا کی اس انٹری کی منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ باراتی میکسیکو کے شہر لاس کیبوس کے ساحل سمندر پر کھڑے پیراشوٹ کے ذریعے آسمان میں اڑتے دولہا کو دیکھ رہے ہوتے ہیں اور اپنے اپنے موبائل فونز سے اس کی ویڈیو بنا رہے ہوتے ہیں۔ ویڈیو میں ایک باراتی کہتا ہے کہ ”صرف آکاش ہی ایسا کر سکتا ہے۔“شادی کی تقریب میں اس خوبصورت انٹری کے بعد آکاش کا کہنا تھا کہ ”جب میں نے اپنے گھروالوں کو اس حوالے سے بتایا تو میرے بڑے بھائی نے کہا کہ ’شٹ اپ، تم ایسا نہیں کرو گے۔‘ وہ یہ کہہ کر سونے چلے گئے اور میں نے اپنے ویڈنگ پلانر کو فون کرکے سکائی ڈائیونگ کی تیاری کرنے کو کہہ دیا۔“