”یاسر شاہ نے ناتجربہ کاروں والی غلطی کی“ وسیم اکرم ’پھٹ‘ پڑے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان وسیم اکرم کا ماننا ہے کہ یاسر شاہ نے پہلے میچ میں سٹیو سمتھ کو آﺅٹ کرنے کے بعد جس انداز میں جشن منایا، وہ ناتجربہ کار کھلاڑیوں والی غلطی تھی اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں باﺅلر کو اس کے نتائج بھی بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یاسر شاہ نے برسبین ٹیسٹ میچ میں سٹیو سمتھ کو 4 کے انفرادی سکور پر پویلین کی راہ دکھائی تھی اور پھر اپنے ہاتھ کی انگلیوں سے 7 کا ہندسہ بنا کر وکٹ کا جشن منایا جس کا مطلب تھا کہ انہوں نے ساتویں مرتبہ سٹیو سمتھ کی وکٹ حاصل کی ہے جبکہ سٹیو سمتھ نے بھی اس کے بعد جاری بیان میں کہا تھا کہ اس سے انہیں حوصلہ ملا ہے اور وہ یاسر شاہ کے خلاف مزید اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ”یہ ایک ناتجربہ کار کھلاڑی والی غلطی تھی۔ میں ایسا نہیں کرتا، اگر چوتھی اننگز میں انہیں دوسری مرتبہ آﺅٹ کرتا اور ہم میچ بھی جیت رہے ہوتے تو شائد میں ایسا کرتا لیکن جب آپ برے طریقے سے ہار رہے ہوں تو پھر ایسا نہیں کیا جاتا۔“
انہوں نے کہا کہ ”پرانے وقتوں میں، جب میں کھیلتا تھا تو اس چیز کا کوئی خیال نہیں رکھتا تھا کہ کس کھلاڑی کو کتنی مرتبہ آﺅٹ کیا ہے بلکہ یہ سب سے آخری سوچ ہوا کرتی تھی۔ آج کل کے دور میں اعداد و شمار کے باعث لوگ سب کچھ جانتے ہیں۔ لیکن بطور باﺅلر مجھے صرف اس بات کی پریشانی ہوتی تھی کہ کیا میری کارکردگی سے میچ پر فرق پڑ رہا ہے؟ کیا میں اپنے ملک کیلئے میچ جیت رہا ہوں؟ اگر نہیں تو پھر کسی کھلاڑی کو 7 مرتبہ آﺅٹ کرنا کوئی معنی نہیں رکھتا۔“