آدمی کو 2 مہینے سے کھانسی، ڈاکٹر کے پاس گیا تو گلے کے اندر کون سا خطرناک کیڑا موجود تھا؟ جان کر ہی آپ کو جھرجھری آجائے
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین میں ایک شخص کو مسلسل 2 ماہ سے کھانسی کی شکایت تھی، جب اس نے ڈاکٹر سے رجوع کیا تو یہ بات سامنے آئی کہ اس کے گلے میں 2 جونکیں چپکی ہوئی ہیں۔
چین کے صوبے فزیان میں ایک آدمی کو مسلسل کھانسی کی شکایت تھی، پہلے تو وہ اسے ٹھنڈ کے باعث سمجھتا رہا لیکن جب بلغم کے ساتھ خون بھی آنے لگا تو وہ فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس پہنچا۔ ووپنگ کاﺅنٹی ہسپتال میں متاثرہ شخص کا سٹی سکین کرایا لیکن اس میں وجہ سامنے نہیں آئی جس کے بعد اس کی برانکو سکوپی کی گئی۔
برانکو سکوپی میں یہ بات سامنے آئی کہ اس کے گلے میں 2 جونکیں چپکی ہوئی ہیں جن کی لمبائی سوا انچ کے قریب تھی۔ ایک جونک اس کے دائیں نتھنے میں جبکہ دوسری گلوٹس کے نیچے چپکی ہوئی تھی، ڈاکٹرز نے کسی قسم کا رسک نہ لیتے ہوئے گلے کا آپریشن کرکے جونکوں کو نکال دیا۔
آپریشن کے بعد بھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آدمی کے گلے تک جونکیں پہنچیں کیسے ، مگر ڈاکٹرز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پانی پیتے ہوئے ممکنہ طور پر جونکیں اس کے جسم میں داخل ہوگئی ہوں گی۔