”ہم کیا کریں؟“ محمد عباس نے ناقص کارکردگی کی حیران کن وجہ بتا دی

”ہم کیا کریں؟“ محمد عباس نے ناقص کارکردگی کی حیران کن وجہ بتا دی
”ہم کیا کریں؟“ محمد عباس نے ناقص کارکردگی کی حیران کن وجہ بتا دی

  



ایڈیلیڈ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی سیمر محمد عباس نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے پہلے روز قومی باﺅلرز کی ناقص کارکردگی کی وجہ وکٹ کو قرار دیدیا ہے ۔

ایڈیلیڈ اوول کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستان کو پہلی وکٹ جلد ہی مل گئی مگر پھر ڈیوڈ وارنر اور لابوشین نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے ناصرف سنچریاں داغیں بلکہ دوسری وکٹ کی شراکت میں 298 رنز جوڑ کر پہلے روز ہی میچ پر اپنی ٹیم کی گرفت مضبوط کر دی۔

آسٹریلیا کیخلاف گزشتہ سال ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دو میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عباس ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کر سکے اور جب ان سے وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے تمام تر ذمہ داری کنڈیشنز پر ڈال دی۔

انہوں نے کہا ”یہ بہت سخت دن تھا۔ اپنی کنڈیشنز میں معلوم ہوتا ہے کہ کہاں اور کیسے باﺅلنگ کرنی ہے۔ آسٹریلیا آنے کے بعد میں نے بہت پریکٹس کی مگر وکٹ سے مدد نہیں ملی۔ میں نے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کی لیکن بلے باز اعتماد تھے اور میرے خلاف بہت اچھا کھیلے۔ ہم جو چاہتے تھے، وہ نہیں کر سکے لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے۔ کبھی بلے بازوں کا دن ہوتا ہے تو کبھی باﺅلرز کا، انشاءاللہ ہم کل بہتر کھیل پیش کریں گے۔“

محمد عباس نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ان کی کارکردگی اچھی نہیں تھی تاہم اس کی وجہ انہوں نے گزشتہ 10 مہینے سے ٹیسٹ کرکٹ میں عدم شرکت کو قرار دیتے ہوئے کہا ”میں اپنی کارکردگی سے بالکل خوش نہیں کیونکہ میں یقینا مرکزی باﺅلر ہوں۔ لیکن جب آپ 10 مہینے بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہیں تو ردھم میں آنے میں وقت لگتا ہے، میچ ابھی ختم نہیں ہوا۔ ہم کل بھرپور کوشش کریں گے، اور کم بیک کریں گے۔“

مزید : کھیل