اسمبلیاں تحلیل کرکے نئےاِنتخابات کرائےجائیں،جعلی پارلیمنٹ کو قانون بنانے کاحق نہیں دے سکتے:مولانا فضل الرحمان

اسمبلیاں تحلیل کرکے نئےاِنتخابات کرائےجائیں،جعلی پارلیمنٹ کو قانون بنانے ...
اسمبلیاں تحلیل کرکے نئےاِنتخابات کرائےجائیں،جعلی پارلیمنٹ کو قانون بنانے کاحق نہیں دے سکتے:مولانا فضل الرحمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علما اسلام ف کےسربراہ مولانافضل الرحمان نےکہاہےکہ اسمبلیاں تحلیل کرکے نئےاِنتخابات کرائےجائیں،ہم اِس جعلی پارلیمنٹ کو قانون بنانے کاحق نہیں دے سکتے،حکومت کے خاتمے تک تحریک جاری رہے گی۔

کراچی میں الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر اپوزیشن جماعتوں کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضلالرحمان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کو آرمی چیف کے تقرر کے لیے قانون سازی کا حکم دیا ہےمگر ہم جعلی پارلیمنٹ کو اِس حساس ترین قانون سازی کا حق نہیں دے سکتے۔اُنہوں نے کہا کہ اِس حکومت نے ادارے تباہ کردیےاورلوگوں کو بیروزگار کردیا ہے،ملکی معیشت ڈوب رہی ہے اور یہ عیاشیاں کررہے ہیں جبکہ عوام کو اشیا خور و نوش دستیاب نہیں اور یہ کہتے ہیں کہ ٹماٹر 17 روپے کلو ہیں، ایک کروڑ نوکریاں دینے والے 400 ادارے بند کرنے جارہے ہیں، لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا گیا ہے،ضروری ہے کہ موجودہ اسمبلیوں کو تحلیل کرکے نئے انتخابات کرائے جائیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ  اسلام آبادکے آزادی مارچ  نے اِن کی جڑیں کاٹ دی ہیں، ہم عوام کے قانونی اور آئینی حق کا تحفظ کریں گے،الیکشن کمیشن اپنا وجود کھونے سے پہلے عوام کو مطمئن کرے اور فارن فنڈنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ افواج پاکستان کی قیادت کو عدالتوں میں گھسیٹا گیا اور بے توقیر کیا گیا، اِن کے پاس قانون ہے نہ قانونی چارہ جوئی کی اہلیت ہے، یہ جعلی پارلیمنٹ حساس قانون سازی نہیں کرسکتی، ووٹ کو چوری کرکے اقتدار پر قبضے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، حکمران جماعت اپنے احتساب سے فرار حاصل کررہی ہے،حکمرانوں کو اِن کے ہی آئینے میں چہرہ دکھانے کا وقت آگیا ہے،حکومت کی گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا دینے کی ضرورت ہے، عوام کا عزم ناجائز حکومت کا خاتمہ کرے گا، ہم نے یہ ملک جمہوریت اور عوام کے لیے حاصل کیا تھا، نئے انتخابات کے انعقاد اور حکومت کے خاتمے تک تحریک جاری رہے گی۔

مزید :

قومی -