مجھ پر قاتلانہ حملہ گھناونی سازش،نااہل حکمران ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ بنتے جا رہے ہیں:مفتی کفایت اللہ

مجھ پر قاتلانہ حملہ گھناونی سازش،نااہل حکمران ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ بنتے ...
مجھ پر قاتلانہ حملہ گھناونی سازش،نااہل حکمران ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ بنتے جا رہے ہیں:مفتی کفایت اللہ

  



کراچی (صباح نیوز ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ نے کہا ہے کہ نااہل حکمران ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ بنتے جا رہے ہیں،  نا اہل حکمرانوں، مہنگائی، بیروزگاری، اور ناکام خارجہ و داخلہ پالیسیوں کے خلاف جے یو آئی کے آزادی مارچ نے عوامی راج کی راہ ہموار کر دی ہے ،مجھ پر قاتلانہ حملہ گھناونی سازش ہے ، نااہل حکومت کی رخصتی سے ہی مہنگائی، بیروزگاری، اور منافقانہ سیاست سے نجات مل سکتی ہے ۔

 قومی امن رابطہ کونسل پاکستان کے مرکزی چیئرمین سفیر امن صاحبزادہ احمد عمران نقشبدی مرشدی سے ٹیلفونک گفتگو کرتے ہوئے مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ گالی و منفی سیاست جمہوریت کی دشمن ہے جو نا اہل حکمرانوں کا وطیرہ بن چکا ہے،ملک کا آئین جمہوری آزادی کی ضمانت دیتا ہے،اِظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانا ڈکٹیٹروں کا شیوہ رہا ہے ،شفاف الیکشن کے لیئے سلیکٹڈوں کا جانا ضروری ہے تاکہ منتخب حکومت ملک کی باگ دوڑ سنبھال کر ملک کو بحرانوں سے نکال سکے ۔انہوں نے کہا کہ گھناونی سازشوں اور قاتلانہ حملوں سے ہمارے ارادے اور حوصلے پشت نہیں کیئے جا سکتے ،ہم نا اہل حکمرانوں کے گھر جانے تک جدوجہد جاری رکھیں گے، آزادی مارچ دھرنے کے دوران مولانا فضل الرحمٰن کو کرائی گئی یقین دہانیاں پورا ہونے کو ہیں، متحدہ اپوزیشن میں کوئی انتشار نہیں بلکہ نا اہل حکومتی حلقے انتشار بد حواسی کا شکار ہیں،جس کا ثبوت آرمی چیف کی تعنیاتی کے حوالے سے کیئے گئے غیر آئینی اور غیر یقینی اقدامات ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ نا لائقوں کی ٹیم نے ملک کے اہم ترین ادارے کے سربراہ کی تعنیاتی کو بھی جگ ہنسائی کا سبب بنادیا ،یہ تو اعلیٰ عدلیہ کی فہم و فراست اور تحمل ہے کہ اُنہوں نے ملک کو کسی نئے آئینی بحران جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچا لیا ۔

انہوں نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں کے منفی اقدامات سے عوام کے لیئے دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ہے جو تبدیلی سرکار کو لانے والوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ، پر امن آزادی مارچ کو ناکام قرار دینے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، اسلام آباد میں لاکھوں کا اجتماع اگر امن کی دیواریں توڑ کر وزیراعظم ہائوس جاتا تو کوئی مائی کا لال نہیں روک سکتاتھا،یوٹرن جھوٹ خان ملک کا نظم و نسق سنبھالنے میں ناکامی غصہ اور جھنجھلاہٹ اپوزیشن اور عوام پر اتار رہا ہے، ایسے نا اہل وزیراعظم اور اس کی نااہل ٹیم سے نجات کی خوشخبری عوام جلد سنیں گے جس کے لیئے متحدہ اپوزیشن اپنے متفقہ لائحہ عمل پر کاربند ہے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی