”آج شرمناک دن تھا اور اب سارا دارومدار پاکستان کی بیٹنگ پر ہے کیونکہ۔۔۔” رمیز راجہ کا دوسرے ٹیسٹ کے افتتاحی روز کے کھیل پر تبصرہ

”آج شرمناک دن تھا اور اب سارا دارومدار پاکستان کی بیٹنگ پر ہے کیونکہ۔۔۔” ...
”آج شرمناک دن تھا اور اب سارا دارومدار پاکستان کی بیٹنگ پر ہے کیونکہ۔۔۔” رمیز راجہ کا دوسرے ٹیسٹ کے افتتاحی روز کے کھیل پر تبصرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ایڈیلیڈ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کھلاڑی رمیز راجہ نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کے افتتاحی روز کو پاکستانی ٹیم کیلئے شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینگروز کو ان کے دیس میں شکست دینے کیلئے بہت ہی اچھی ٹیم ہونا پڑتا ہے، اب اس میچ کا سارا دارومدار پاکستان کی بیٹنگ لائن پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے کھیل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستانی ٹیم کیلئے بہت ہی لمبی باﺅلنگ والا شرمناک دن تھا کیونکہ ٹیم کہیں بھی مقابلے میں نظر نہیں آئی جبکہ 20 وکٹیں حاصل کرنے کیلئے معیار، تجربے اور آتش فشاں پہاڑ سے بھڑ جانے والی سوچ درکار ہے۔ آسٹریلین ٹیم اپنے ملک میں ہارتی نہیں اور انہیں شکست دینے کیلئے بہت ہی اچھی ٹیم ہونا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ہمت اور حوصلہ تو ضرور تھا مگر مستقل مزاجی اور مہارت ویسی نہیں تھی جیسی ٹیسٹ میچ کیلئے درکار ہوتی ہے۔ میچ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان ہوتے ہی یہ معلوم ہو گیا تھا کہ باﺅلنگ اٹیک ناتجربہ کار ہے اور اس وجہ سے محمد عباس اور یاسر شاہ پر سارا دباﺅ آ گیا کیونکہ وہ ہی کچھ تجربہ رکھتے ہیں، نوجوان فاسٹ باﺅلرز کو بنیاد بنا آسٹریلیا کو ان کی سرزمین پر گیند سے چکمہ دے کر شکست نہیں دی جا سکتی، یہ ناممکن سی صورتحال ہے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ آج کے دن قومی ٹیم کی کارکردگی سے یہ بات بھی نظر آتی ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹیلنٹ اس طرح کا نہیں آ رہا، نوجوان باﺅلرز میںہمت اور حوصلہ تو ہے مگر مہارت میں بہت پیچھے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پہلے روز ہی میچ پاکستان کی گرفت سے دور چلا گیا ہے۔
محمد عباس کی رفتار ضرور کم ہوئی ہے مگر انہوں نے مستقل مزاجی سے ایک ہی لائن اور لینتھ پر باﺅلنگ کر کے یہ بتا دیا ہے کہ وہ اپنے کپتان کو کنٹرول دے سکتے ہیں لیکن اکیلا محمد عباس کیا کرے، پاکستان کو اس میچ میںپھر سے کھڑے ہو نا ہے جس کیلئے بیٹنگ ٹھیک کرنا ہو گی کیونکہ پاکستان کی پہلی اننگز پر ہی اب یہ میچ منحصر ہے، ایسا لگتا ہے کہ آسٹریلین کل بھی سارا دن کھیلیں گے اور پاکستان کو مشکل پیش آ سکتی ہے۔

مزید :

کھیل -