وزیر اعظم ”میں کسی کونہیں چھوڑوں گا “کیوں کہتے ہیں؟ وفاقی وزیر شفقت محمود نے وجہ بیان کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہاہے کہ وزیر اعظم جب اس قسم کی بات کرتے ہیں کہ” میں کسی کو چھوڑوں گا نہیں“ تو اس کی وجہ یہ ہے کہ کچھ لوگوں کی طرف سے شوشے اڑائے جاتے ہیں کہ کوئی این آر او ہورہاہے یا کوئی ڈیل ہورہی ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ حکومت کی ترجیح معیشت کی بحالی اور سرکاری اداروں کودرست کرناہے لیکن ساتھ ساتھ اگر نیب اپنی کارروائی کررہی ہے توہم اس کونہیں روکیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جب اس قسم کی بات کرتے ہیں کہ” میں کسی کو چھوڑوں گا نہیں“ تو اس کی وجہ یہ ہے کہ کچھ لوگوں کی طرف سے شوشے اڑائے جاتے ہیں کہ کوئی این آر او ہورہاہے یا کوئی ڈیل ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک مفاہمت کی ضرورت ہے حکومت اپوزیشن کے ساتھ ہے ، ہم نے چیئر مین پی اے سی کے حوالے سے رانا تنویر کی تائید کی ہے اور اب چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر بھی ہم اپوزیشن کی جماعتوں کے ساتھ مل کر یہ کام کرنے کی کوشش کریں گے ۔