مانتا ہوں کہ ہمارا دور آئیڈیل نہیں تھا،لیگی رہنما جاوید لطیف نے تسلیم کرلیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہاہے کہ میں مانتا ہوں کہ ہمارا دور آئیڈیل نہیں تھا لیکن موجود ہ حکومت کی کارکردگی او ر ہمارے دور کی کارکردگی کے حوالے سے عوام کوپوچھ لیں۔
اے آروائی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کومیڈیکل بنیاد پر ضمانت ملنے پر وزیر اعظم غصہ میں آئے اور عدالتوں کے فیصلے خواہش کے برعکس آنے پر وزیر اعظم نے مافیاز کہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک آئی جی کو حکومت نے دو دفعہ پنجاب میں لگایا ، ان کا پہلا فیصلہ درست تھا یا دوسرا فیصلہ درست تھا ۔ حکومت باربار بیورو کریسی کوتبدیل کرکے اپنی کارکردگی پر پردا نہیں ڈال سکتی ۔ حکومت بیورو کریسی کو صرف یہ ٹارگٹ دے رہی ہے کہ اپوزیشن کی کڑیاں کس طرح کسنی ہیں ، کس طرح کسی کی زمین کوسرکار کے نام کرناہے ؟
جاوید لطیف کا کہنا تھاکہ اس طرح بیورو کریسی اگر ایک غلط کام کرتی ہے تو دو غلط کام اپنے لئے بھی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہمارا دور آئیڈیل نہیں تھا لیکن موجود ہ حکومت کی کارکردگی او ر ہمارے دور کی کارکردگی کے حوالے سے عوام کوپوچھ لیں۔ پٹواری ، اے ایس آئی اور ایس ایچ او لگانے کیلئے بھی پیسے لئے جارہے ہیں۔