ملتان میں پولیس اورجیالے آمنے سامنے،علی قاسم گیلانی سمیت40کارکن گرفتار
ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پی ڈی ایم کا 30نومبر کو ملتان میں جلسہ ، قاسم باغ کے باہر حالات کشیدہ ہوگئے۔ پیپلزپارٹی کے کارکن اور پولیس آمنے سامنے آگئے، پولیس نے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق 30نومبر کو ملتان میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے پیش نظر پولیس نے کنٹینر لگا کرقاسم باغ کی جانب جانےوالےراستے بند کردیئے ۔ کارکنوں نے کنٹینرز کو ہٹانے کی کوشش کی تو پولیس بھی ایکشن میں آگئی۔ پولیس اور کارکنوں میں جھڑپیں ، پولیس کا مظاہرین پر لاٹھی چارج ۔ پولیس کی بھاری نفری سٹیڈیم پہنچ گئی ، سی پی او ملتان بھی سٹیڈیم پہنچ گئے۔
پولیس نے کریک ڈاؤن میں یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی سمیت 40جیالوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کی بھاری نفری جلسہ گاہ پہنچ گئی۔ گرفتار افراد میں سابق ایم پی ڈاکٹر جاوید صدیقی بھی شامل ہیں۔علی حیدر گیلانی نے تصدیق کی ہے کہ پولیس نے میرے بھائی علی قاسم گیلانی کو گرفتار کر لیا ہے۔