کورونا ختم ہونے پر سب خوشی سے جلسے کر سکتے ہیں:گورنر پنجاب

کورونا ختم ہونے پر سب خوشی سے جلسے کر سکتے ہیں:گورنر پنجاب

  

 چیچہ وطنی(نامہ نگار، نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو مشکل حالات سے نکال کر خوشحالی کی طرف گامزن کر دیا ہے، کورونا کے بڑھتے ہوئے وار سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنا چاہئے، احتجاج اور جلسے اپوزیشن کا حق اور جمہوریت کا حسن ہے لیکن اس حالات میں انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنا کوئی سمجھداری نہیں ہے،کورونا کی لہر ختم ہو جائے تو اپوزیشن بھی خوشی سے جلسے کرے اور ہم بھی جلسے کریں گے۔ہم نے سیاست کو ہمیشہ عبادت سمجھ کر کیا ہے،سیاست میں مخلوق خدا کی خدمت اور ان کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہونی چاہئے، ضلع ساہیوال کے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم غریب بچوں کو سردی سے بچانے کیلئے عالمی معیارکی چار ہزار جیکٹس تقسیم کی ہیں،عنقریب نرسز کی ٹریننگ کیلئے ایک معیاری سکول کھولا جائے گا، چیچہ وطنی کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، میں اپنے آبائی علاقے میں کم جاتا ہوں اور چیچہ وطنی میرا زیادہ آنا ہوتا ہے،رائے خاندان کے ساتھ میرے بہت پرانے تعلقات ہیں چیچہ وطنی میں قائم رائے علی نواز سرور فاؤنڈیشن ہسپتال میری اور رائے حسن نواز خاں کی مشترکہ کاوشوں کی وجہ سے وجود میں آیا ہے جس سے تحصیل بھر کے عوام مستفید ہو رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائے ہاؤس چیچہ وطنی میں سرکاری سکولوں کے غریب بچوں میں جیکٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما رائے حسن نواز خاں، ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال ایڈووکیٹ، کمشنر ساہیوال ڈویژن نادر چٹھہ، ڈپٹی کمشنر ساہیوال بابر بشیر،ڈی پی او ساہیوال امیر تیمور بزدار،سی او ایجوکیشن ساہیوال ڈاکٹر محمد ارشد،سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری وحید اصغر ڈوگر،سابق چیئرمین بلدیہ رانا محمد اجمل خاں، ضلعی صدر تحریک انصاف رانا آفتاب خاں، ضلعی ہیڈ سرور فاؤنڈیشن خوشی محمد سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی، قبل ازیں گورنر پنجاب نے رائے علی نواز سرور فاؤنڈیشن ہسپتال میں سولر سسٹم کا افتتاح کیا۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -