ایپکا، مدت ملازمت کا دورانیہ 2سال کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف سراپا احتجاج
نوشہرہ (بیورورپورٹ) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ضلع نوشہرہ نے سرکاری ملازمین کا ایک ہی سیٹ پر مدت ملازمت کادورانیہ 2سال کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف سراپا احتجاج اورفیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قواعد و ضوابط کے خلاف کسی بھی حکومتی فیصلے کو منظور نہیں کرتے اس وقت کلرکس برادری کے تبادلے کلرکس کی پروموشن پر اثر انداز ہونے کے برابر ہے حکومت ہمارے ساتھ 6نومبر کو ہونے والے معاہدے کی پاسداری کریں نہ کہ حکومت ہمیں بے جا تنگ کریں ان خیالات کا اظہار آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر فضل غفار باچہ، ضلعی صدر محمد ادریس ہاشمی، اور سینئر رہنما غلام سرور خان نے نوشہرہ پریس کلب میں اپنے درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی سرکاری اہلکار کا ایک ہی جگہ پر مدت ملازمت کا دورانیہ 3سال ہے لیکن خیبر پختونخواہ کے موجودہ حکمرانوں جو کہ انصاف کے نام پر برسر اقتدار آئے ہیں لیکن ان کی حکومت میں عوام اور خاص کر سرکاری ملازمین (کلرکس) کو انصاف ملنا مشکل بلکہ ناممکن ہے نے بیٹھے بیٹھے سوچا کہ سرکاری ملازمین کی ایک ہی جگہ پر مدت ملازمت کا دورانیہ 2سال کر دیا جائے اور اس کی شروعات بھی کلرکس سے کی اور وہ بھی ایک ایسے وقت میں کہ کلرکس کے پروموشنز ہو نے والے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ صرف کلرکس برادری کے پروموشنز کیس کو خراب کرنے یا اس کو متاثر کرنے کیلئے کیا جارہا ہے جو ہمیں کسی صورت منظور نہیں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر حکومت نے یہی فیصلہ کیا ہے تو اس کی شروعات چیف سیکرٹری اور ڈی جی لیول سے کی جائے لیکن ہم حکومت کی چال کو خوب سمجھتے ہین کہ ایسے وقت میں کلرکس کے تبادلے 6نومبر کے جلسے کا انتقام ہے لیکن حکومت یاد رکھیں کلرکس بھی ڈرنے والے نہیں انہوں نے حکومت خیبر پختونخواہ اور خاص کر وزیر اعلیٰ محمود خان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرکاری ملازمین کا ایک ہی جگہ پر مدت ملازمت دورانیہ کے عرصہ 3سال ہی رہنے دیں اور اگر ہمارا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو ہم 10روز کے بعد خیبر پختونخواہ وزیر اعلیٰ ہاوس کے سامنے غیر معینہ مدت تک دھرنا دینے پر مجبور ہو جائیں گے کیونکہ اگر ہم سڑکوں پر نکلے تو اس حکومت کو پھر اپوزیشن کی ضرورت نہیں رہے گی۔