ملتان: سیاسی قائدین کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ‘ ہسپتالوں میں ہائی الرٹ
ملتان(سپیشل رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ300 سے زائد افراد کے اجتماع کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی،حکومت کو شہریوں کی زندگی سب سے زیادہ عزیز ہے،کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر کوئی رسک نہیں لیا جا سکتا۔وہ سی پی او محمد حسن رضا کے ہمراہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے دستیاب وینٹی لیٹرز کے حوالے سے نشتر ہسپتال کی استعداد ختم ہوگئی ہے،ڈپٹی کمشنر نے سپیشل برانچ کی رپورٹ کی روشنی میں سیاسی قائدین کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی ہے اور انہوں نے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ ضلع کے بنیادی مراکز صحت میں بھی ڈاکٹرز،سٹاف اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے،کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے بڑے پرائیوٹ ہسپتالوں کو بھی آن بورڈ لیا جائے،ساتھ ہی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تحصیل کی سطح پر اہم مقامات پر ہیلی پیڈ بنائے جائیں،ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو1122 کو مکمل ایمرجنسی پلان بنانے کا حکم دیا ہے اور ریسکیو1122کو ایمبولینسسز اورفائر بریگیڈ تیار رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ریسکیو انفراسٹرکچراور ہیومن ریسورس کے حوالے سے قریبی اضلاع سے مدد حاصل کرے،ڈپٹی کمشنر نے بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور کسی بھی ہنگامی صوتحال سے نمٹنے کے لئے میپکو اور سوئی گیس ڈیپارٹمنٹ کو بھی تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس شہر میں ٹریفک بحال رکھنے کے لئے منظم انتظامات کرے۔سی پی او حسن رضا خان نے کہا ہے کہ پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر الرٹ ہے،سیاسی اجتماع کی آڑ میں امن وامان میں خلل ڈالنے والے عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی،کسی کو شہریوں کی جان و مال اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،اجلاس میں تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرزاور سی ٹی او،پولیس،محکمہ صحت،میپکو اور سوئی گیس کے حکام نے بھی شرکت کی۔ پی ڈی ایم کے جلسہ کے حوالے سے نشتر ہسپتال انتظامیہ نے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ہسپتال کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔جس میں انہوں نے ایمرجنسی کو کہا گیا ہے کہ مذکورہ جلسہ کے دوران تمام ڈاکٹروں۔نرسوں اور پیرا میڈیکس سٹاف ڈیوٹی پر حاضر رہے گا۔ بستروں کا الگ بندوبست رکھا جائے۔اس کے علاہ خون کی بوتلوں کا اضافی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔اپریشن تھیٹر کو فعال رکھا جائے۔ادویات کی فراہمی کو ہر صورت ہونی چاہیے۔
الرٹ