افغانستان میں ایک بار پھر خون کی ندیاں بہہ گئیں، 2 خود کش حملوں میں اتنے لوگ مارے گئے کہ رونا آجائے
کابل (ڈیلی پاکستان آن لائن) افغانستان میں 2 خود کش حملوں کے نتیجے میں 34 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوگئے۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق اتوار کے روز مشرقی صوبے غزنی میں ایک خود کش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری گاڑی آرمی کمانڈو بیس سے ٹکرا دی۔ اس خود کش حملے کے نتیجے میں 31 فوجی ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے۔ خبر ایجنسی روئٹرز نے جب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد سے رابطہ کیا تو انہوں نے نہ تو اس حملے کی ذمہ داری قبول کی اور نہ ہی اس میں طالبان کے ملوث ہونے کی تردید کی۔
دوسرا حملہ جنوبی افغانستان میں ہوا ۔ یہاں ایک خود کش حملہ آور نے صوبائی کونسل چیف عطا جان حق بیات کے قافلے کو نشانہ بنایا ۔ اس حملے میں 3 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے۔ دھماکے میں عطا جان محفوظ رہے تاہم ان کا ایک محافظ مارا گیا۔ اس حملے کی بھی کسی گروپ نے تاحال ذمہ داری قبول نہیں کی۔