قانون دانوں نے ہی قانون کی دھجیاں اڑا دیں، الیکشن میں جیت پر وکلاء کی ہوائی فائرنگ، منع کرنے والے ڈولفن اہلکار کو گالیاں، ویڈیو وائرل

قانون دانوں نے ہی قانون کی دھجیاں اڑا دیں، الیکشن میں جیت پر وکلاء کی ہوائی ...
قانون دانوں نے ہی قانون کی دھجیاں اڑا دیں، الیکشن میں جیت پر وکلاء کی ہوائی فائرنگ، منع کرنے والے ڈولفن اہلکار کو گالیاں، ویڈیو وائرل
سورس:   Screen Grab

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب بار کونسل کے الیکشن کے بعد جیتنے والے وکلاء کے حامیوں نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں، مختلف شہروں میں کھلم کھلا ہوائی فائرنگ  کی گئی، روکنے والے ڈولفن اہلکاروں کو وکلاء نے گالیوں سے نوازا، ہوائی فائرنگ اور ڈولفن اہلکار کو گالیاں دینے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

ہفتے کے روز ہونے والے پنجاب بار کے الیکشن کے نتائج آتے ہی جیتنے والے وکلاءکے حامیوں نے جشن مناتے ہوئے ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے جس سے شہریوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔

متعدد شہریوں کی جانب سے اس حوالے سے پولیس کی بھی اطلاع دی گئی، مگر ملزمان کے خلاف کوئی ایکشن نہ ہوسکا۔ ایک جگہ ڈولفن اہلکار کی جانب سے ہوائی فائرنگ کرنے والے وکلاءکو روکنے کی کوشش کی گئی تو وکلاء نے ڈولفن اہلکار کو گالیاں دیں ۔

ہوائی فائرنگ کے واقعات پر شہریوں نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ وکلاء قانون کے رکھوالے ہیں ان کو قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے۔ پنجاب بار کونسل کو ہوائی فائرنگ کرنے والے وکلاء کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -